نئی دہلی//ہندستان کے چار پہلوان ٹوکیو اولمپک کے لئے ملک کو کوٹہ دلا چکے ہیں اور باقی پہلوانوں کو اپنی اولمپک توقعات کے لئے مارچ 2021 تک انتظار کرنا ہوگا۔کشتی کی عالمی تنظیم یونائیٹڈ ورلڈ کشتی نے ٹوکیو اولمپک گیمز کے لئے کانٹی نینٹل کوالیفائرس کے میزبان ممالک کا اعلان کیا ہے کہ چین، مراکش اور ہنگری کوالیفائرس کی میزبانی کریں گے ۔ کورونا وائرس کے بڑھتے اثر کی وجہ سے ٹوکیو اولمپک کو جولائی 2021 تک ملتوی کر دیا گیا ہے ۔اگلے سال سب سے پہلا کوالیفائر چین کے جیان شہر میں ہوگا جس میں ہندستانی پہلوانوں کو اپنا چیلنج پیش کرنے کا موقع ملے گا۔ ہندستان کے اب تک چار پہلوانوں دیپک پنیا (86 کلوگرام)، بجرنگ پنیا (65 کلوگرام)، روی دہیا (57 کلوگرام) اور ونیش پھوگاٹ (53 کلوگرام) نے گزشتہ سال کی عالمی چمپئن شپ میں تمغہ حاصل کرنے کی ان کی کارکردگی کے ذریعے اولمپک کوٹہ حاصل کیا تھا اور ان کا یہ کوٹہ اگلے سال بھی بنا رہے گا۔