حکومت کو سیکورٹی کنٹرول دیا جائے
منتخب نمائندوں کو مکمل اختیارات سے محروم رکھنا ناانصافی:وزیر اعلیٰ
احمد آباد// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں منتخب حکومت کو سیکورٹی کی ذمہ داریاں بحال کرنے پر زور دیا ہے۔ اپنے دورہ گجرات کے دوران بات کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ منتخب نمائندوں کو مکمل اختیارات بشمول امن و امان سے متعلق سے محروم کرنا ناانصافی ہے۔گاندھی نگر میں ٹریول ایکسپو میں شرکت کے بعد احمد آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، عبداللہ نے جموں و کشمیر کی مسلسل یونین ٹیریٹری کی حیثیت پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے ریمارکس دیئے کہ ہم کچھ بیکار لوگ نہیں ہیں۔ “اگر لوگ ہمیں حکومت کرنے کے لیے منتخب کرتے ہیں، تو ہمیں پوری ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔”ان کا یہ ریمارکس دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ کی صدارت میں ہونے والی سیکورٹی جائزہ میٹنگ کو چھوڑنے کے چند دن بعد آیا ہے۔ جب ان کی غیر موجودگی کے بارے میں پوچھا گیا تو عمر عبداللہ نے جواب دیا، “سیکورٹی لیفٹیننٹ گورنر کے دائرہ اختیار میں آتی ہے، یہ حقیقت ہے۔ پھر بھی، میں باخبر رہتا ہوں، مجھے معلوم ہے کہ سیکورٹی فورسز کہاں تعینات ہیں اور کیا اقدامات کئے جا رہے ہیں، ہم سیاحتی مقامات کو آہستہ آہستہ اور احتیاط سے کھول رہے ہیں۔” عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنے میں تاخیر پر مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا”ہم ملک کے واحد بدقسمت لوگ ہیں جن کی ریاست کو گھٹا کر یونین ٹیریٹری بنا دیا گیا تھا۔ باقی ہر جگہ، UTs کو ریاست کا درجہ دیا جا رہا ہے، لیکن ہم ابھی تک انتظار کر رہے ہیں،” ۔2009 اور 2015 کے درمیان چیف منسٹر کے طور پر اپنے دور کی عکاسی کرتے ہوئے، عبداللہ نے کہا کہ ان کی حکومت نے سیکورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے میں اہم پیش رفت کی ۔ انہوں نے زور دے کر کہا، “عسکریت پسندی کے واقعات اور سیکورٹی فورسز کے درمیان ہلاکتوں میں کمی آئی ۔ اگر ہمیں دوبارہ مکمل چارج دیا گیا تو ہم کشمیر کو پہلے سے زیادہ محفوظ بنائیں گے” ۔اس سے قبل لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ایک قومی میگزین کو انٹرویو میں کہا تھا کہ عمر عبد اللہ کو معلوم تھا کہ اگر وہ الیکشن جیتتے ہیں تو وہ یوٹی کے وزیراعلیٰ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی درجہ کی بحالی کیلئے ہمیں صحیح وقت کا انتظار کرنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملی ٹینٹ صفوں میں مقامی بھرتیوں میں زبردست کمی آئی ہے اور ہر سال 100سے 150نوجوانوں کے مقابلے میں ، اس سال صرف ایک بھرتی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب عمر عبد اللہ نے اسمبلی انتخابات میں حصہ لیا تو انہیں معلوم تھا کہ یہ یو ٹی ہے۔انہوں نے کہا ’’ عمر نے اپنی مرضی سے انتخابات میں حصہ لیا اور جیت گئے۔ یہ ظاہر ہے کہ جب وہ وزیر اعلیٰ بنیں گے تو وہ ایک یوٹی کے وزیر اعلیٰ ہوں گے۔ ‘‘ سنہا نے تاہم کہا کہ چیف منسٹر کے ساتھ ان کے خوشگوار تعلقات ہیں اور اکثر کانفرنسوں اور دیگر مواقع پر ان سے ملاقات کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر ری آرگنائزیشن ایکٹ کے تحت دونوں کے اختیارات بھی واضح طور پر بیان کیے گئے ہیں۔