نئی دہلی//دہلی میں مقیم روہنگیا مسلمانوں کا کہنا ہے کہ حالانکہ ان کے پاس اقوام متحدہ کا رفیوجی کارڈ موجود ہے اس کے باوجود یہ خوف ہر وقت لگا رہتا ہے کہ کہیں پولیس انہیں گرفتار نہ کرلے ۔گزشتہ شام یہاں سرسید اسٹڈی سرکل کی طرف سے روہنگیا مسلمانوں کے لئے منعقدہ افطار پارٹی میں ان لوگوں نے اپنا در د بیان کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے پاس لونگ ٹرم ویزا بھی موجود ہے اور اقوام متحدہ کی طرف فراہم رفیوجی کارڈ بھی موجودہے اس کے باوجود پولیس والے ہمیں ہٹانے کی دھمکی دیتے رہتے ہیں اور ہمیں یہ خوف لگا رہتا ہے کہ کب گرفتار کرلئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ گرچہ گزشتہ دنوں آتش زنی میں ان کے سامان کے ساتھ کچھ لوگوں کا کارڈ بھی جل گئے تھے ۔ او رفی الحال جہاں ان کا کیمپ ہے وہ یوپی ایریگیشن ڈپارٹمنٹ کی ہے جب کہ اس سے پہلے ان کا کیمپ زکوۃفاونڈیشن کی زمین پر تھا۔ انہوں نے درخواست کی کہ ان کے کیمپ سابقہ جگہ پر جلد سے جلد تعمیر کرائے جائیں تاکہ ان لوگوں کو کچھ آسانی ہوسکے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ دہلی کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں میں روہنگیا مسلمانوں کو تنگ کیا جارہا ہے اور وہاں سے بھگایا جارہا ہے ۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہاکہ ابھی حال ہی دیوبند سے کچھ لڑکوں کو گرفتار کرلیاگیا، اسی طرح منی پور سے 27لوگوں کو گرفتار کرلیاگیا جب کہ ان کے پاس رفیوجی کارڈ تھا۔ سرسید اسٹڈی سرکل کے چیرمین ایڈووکیٹ اسلم خاں نے اس موقع پر روہنگیا مسلمانوں کو دلاسہ دیتے ہوئے کہاکہ آپ کو پریشان نہیں ہونے دیا جائے گا اور عید کے بعد دیگر رضاکار تنظیموں کے ساتھ یوپی ایریگیشن اور متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ او کے ساتھ میٹنگ کرکے معاملہ کو حل کیا جائے گا۔