یواین آئی
لندن/ہندوستانی ٹیم کے کپتان شبھمن گل نے کہا کہ ہمیں بخوبی اندازہ تھا کہ انگلینڈ کی ٹیم دباؤ میں ہے اور ہم اسی سوچ کے ساتھ میدان میں اترے کہ ان پر مسلسل دباؤ بنائے رکھنا ہے ۔میچ کے بعد پریس کانفرنس میں گل نے کہا:”اس سیریز میں دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل پیش کیا۔ تقریباً ہر میچ آخری دن تک گیا، جو کہ دونوں ٹیموں کی مضبوط کارکردگی کو ظاہر کرتا ہے ۔”پلیئر آف دی سیریز بننے والے گل نے کہا:”جب سراج اور پرسدھ جیسے گیند باز گیندبازی کر رہے ہوں، تو ایک کپتان کے طور پر زیادہ فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ دونوں کو معلوم ہے کہ گیند کو کس سمت ڈالنی ہے ۔ ہمیں علم تھا کہ انگلینڈ دباؤ میں ہے ، اور ہم اسی حکمت عملی کے ساتھ کھیلنے آئے کہ ان پر سے دباؤ کم نہ ہونے دیں۔”انہوں نے مزید کہا:”اس کارکردگی سے میں بہت خوش ہوں۔ اس سیریز سے پہلے میں نے خوب محنت کی تھی۔ یہ ذہنی اور تکنیکی دونوں پہلوؤں پر کام کرنے سے متعلق تھا۔جب کپتان شبھمن گل سے اس سیریز کے بارے میں پوچھا گیا کہ آپ نے ان چھ ہفتوں میں کیا سیکھا ہے ؟ تو گل نے جواب دیا:”کبھی ہار نہیں ماننی چاہیے ” ہندوستان نے یہ پانچواں ٹیسٹ ایسے وقت جیتا، جب ٹیم انڈیا کی جیت کی امید بہت کم تھی۔ میچ کے پانچویں دن انگلینڈ کو جیت کے لیے صرف 35رنز درکار تھے ، جبکہ ہندوستان کو چار وکٹوں کی ضرورت تھی۔