سرینگر//شمالی کشمیر میں ضلع بانڈی پورہ کے کھیو نوسہ گاوں کے دکانداروں نے بدھ کے روز احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ گاﺅں میں کوئی بھی کورونا کا مثبت کیس نہ ہونے کے باوجود انتظامیہ اُنہیں غیر ضروری طور ہراساں کررہی ہے۔
کم و بیش50دکاندار کھیو نوسہ چوک میں جمع ہوئے اور لاک ڈاون احکامات کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی جو وہاں گذشتہ چار روز سے نافذ ہے۔
محمد شفیع لون نای ایک دکاندار کا کہنا تھا کہ اُن کے دکان چار روز قبل بند کئے گئے حالانکہ گاوں کے اندر کوئی بھی کورونا مثبت کیس نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیس روز قبل گاوں میں کورونا وائرس کے آٹھ مریض ظاہر ہوئے جو سب کے سب ٹھیک ہوکر اپنے گھروں میں واپس بھی آگئے لیکن انتظامیہ اُنہیں دکان کھولنے کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔
شفیع نے الزام عائد کیا کہ وہ انتظامیہ کے فیصلے سے حیران ہیں ۔انہوں نے کہا”جب یہاں کورونا کیس سامنے آرہے تھے تو انتظامیہ خواب خرگوش میں تھی ،اب جب لاک ڈاون کی کوئی ضرورت ہی نہیں ہے ،ہمیں غیر ضروری طور ہراساں کیا جارہا ہے“۔