سری نگر// شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز سری نگر کے ڈائریکٹر پروفیسر اے جی آہنگر نے لاک ڈاؤن میں نرمی کو اچھا قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ہمیشہ لاک ڈاؤن میں نہیں رہ سکتے ہیں کیونکہ کورونا ہمیشہ کے لئے ختم ہونے والا نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کورونا کے بیچ ہی اپنے مالی حالات کو بحال کرنا ہے اور تعلیم و تعلم کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنا ہے ۔موصوف ڈائریکٹر نے ان باتوں کا اظہار یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا ہے ۔انہوں نے کہا،’’ حکومت کا یہ صحیح فیصلہ ہے ، ہمیں کورونا کا بھی سامنا کرنا ہے کیونکہ یہ ہمیشہ کے لئے ختم ہونے والا نہیں ہے آج یہ ’عالمگیروباء‘ہے اور جیسے جیسے مثبت کیسوں میں کمی واقع ہوگی یہ ’وباء‘کی صورت اختیار کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم ہمیشہ لاک ڈاؤن میں نہیں رہ سکتے ہیں ہمیں کہیں نہ کہیں اپنے مالی حالات اور تعلیمی نظام کو بھی بحال کرنا ہے اور اور اپنے روزگار کی سبیل بھی کرنی ہے ۔ آہنگر نے کہا کہ حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کی ہے ہمیں اس کی طرف سے جاری ایڈوائزری پر سختی سے عمل کرنا چاہئے ۔قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر حکومت نے کورونا کی دوسری لہر کے قہر کی روک تھام کے لئے یونین ٹریٹری کے سبھی بیس اضلاع میں مکمل کورونا کرفیو نافذ کیا تھا جس میں مثبت معاملات و اموات میں کمی واقع ہونے کے ساتھ ہی 31 مئی سے نرمی کی گئی۔