لائسنس، قانونی ضوابط اور حفاظتی رہنما خطوط کی پڑ تال
سرینگر//سرینگر پولیس نے جمعے کو شہر کے مختلف علاقوں میں کیمیکل اور کھاد بیچنے والی دوکانوں کی ہمہ گیر جانچ مہم چلائی۔ پولیس کی خصوصی ٹیموں نے پولیس اسٹیشن نوہٹہ، لال بازار، شہیدگنج، چندرپورہ، راجباغ، آر ایم باغ، ہارون، نشاط، ایم آر گنج، صفاکدل، زڈی بل، حضرت بل، نگین، صدر اور دیگر کئی علاقوں میں دوکانوں کا معائنہ کیا۔ کارروائی کے دوران پولیس اہلکاروں نے اسٹاک رجسٹر، خرید و فروخت کے ریکارڈ، بلک خریداروں کی شناخت کے طریقۂ کار، اور ایسے کیمیکل یا کھاد کی محفوظ ذخیرہ اندوزی کی جانچ کی جن کا غلط استعمال سیکیورٹی کے لیے خدشات پیدا کرسکتا ہے ۔ اس کے علاوہ دوکانداروں کے لائسنس، قانونی ضوابط اور حفاظتی رہنما خطوط پر عمل درآمد کی بھی تصدیق کی گئی۔
گاندربل اور کپوارہ کے ہسپتالوں میں لاکروں کی جانچ
سرینگر// گاندربل اور کپوارہ اضلاع کے اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کے لاکرز کی جانچ پڑتال حکام نے جمعہ کو بھی حفاظتی اقدامات کے تحت کی۔گاندربل میں پولیس نے ضلع بھر کے مختلف اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور عملے کے ارکان سے تعلق رکھنے والے لاکروں کی اچانک چیکنگ کی۔حکام کے مطابق یہ معائنہ پولیس ٹیموں نے ہسپتال انتظامیہ کے ساتھ مل کر کیا تاکہ شفافیت اور سکیورٹی پروٹوکول کی مناسب پابندی کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ مشق کا مقصد ہسپتال کے احاطے کے کسی بھی غلط استعمال کو روکنا، غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنا اور ادارہ جاتی نظم و ضبط کو تقویت دینا تھا۔حکام نے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) ہندوارہ میں ایک معائنہ مہم چلائی۔یہاں کے عملے کو یاد دلایا گیا کہ مناسب ریکارڈ کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے، اور لاکرز کو سرکاری مقاصد کے لیے سختی سے استعمال کیا جاتا ہے۔ادھرگاندربل پولیس نے ضلع کے مختلف ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور عملے کے لاکروں کی اچانک جانچ کی۔پولیس ٹیموں نے ہسپتال انتظامیہ کے تعاون سے انجام دیں تاکہ شفافیت اور سیکورٹی پروٹوکال پر صحیح عملدر آمد کو یقینی بنایا جا سکے ۔
سرینگراور اننت ناگ میں گاڑیوں کے شوروموں کی چیکنگ
سرینگر//پولیس نے سری نگر، اننت ناگ اور اردگرد کے علاقوں میں کار ڈیلرشپ اور گاڑیوں کے شورومز کی شہر بھر میں وسیع کارروائیاں انجام دیں۔ یہ مہم نوشہرہ، لال بازار، ایم آر گنج، صفاکدل، زڈی بل، خانیار اور دیگر علاقوں سمیت متعدد مقامات پر بیک وقت چلائی گئی، جبکہ اننت ناگ ضلع میں بھی اسی طرز پر سخت چیکنگ مہم عمل میں لائی گئی۔ پولیس ٹیموں نے باریکی سے جانچ پڑتال کی جس کے دوران اسٹاک اور سیلز ریکارڈ کا درست اندراج، گاڑی خریدنے والے افراد کی شناختی تصدیق، سیکیورٹی سے متعلق رہنما اصولوں پر عمل درآمد اور لائسنس کی مدت اور قواعد کی پابندی پر زور دیا گیا۔پولیس نے کار ڈیلرز اور دکانداروں کو موجودہ سیکیورٹی صورتِ حال سے آگاہ کرتے ہوئے مشکوک لین دین کی فوری رپورٹنگ، مکمل شفافیت اور ریکارڈ کی باقاعدہ دیکھ بھال کی ہدایت کی۔ اننت ناگ پولیس نے جمعے کو ایک مربوط اور بڑے پیمانے پر جانچ مہم چلائی، جس کا مقصد گاڑیوں کی خرید و فروخت میں ممکنہ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام تھا۔