سرینگر// پی ڈی پی کے سٹیٹ سیکریٹری مفتی سجاد حسین نے اسلام آباد میں باضابطہ پارٹی کی طرف سے حلقہ میں آنے والے پارلیمانی انتخاب کی مہم کا آغاز کیا ۔کھنہ بل پارٹی سے وابستہ کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کے دوران مفتی سجاد نے امید ظاہر کی اس بار پھر پارٹی کے کارکن پورے جوش و خروش سے انتخابی مہم میں شرکت کرکے پارٹی امیدوار مفتی تصدق حسین کو کامیاب بنائیں گے۔ انہوں نے پارٹی لیڈر شپ کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاست کی ہمہ گیر ترقی اور امن پارٹی کے مشن اور ایجنڈے کی اولین ترجیحات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ریاست میں عوامی اعتماد، انکی حفاظت اور عزت نفس کے لئے ہمیشہ کوشاں ہے۔ مفتی سجاد نے کہا کہ پی ڈی پی نے جس طرح سے نہ صرف ریاست بلکہ اننت ناگ حلقہ انتخاب میں تعمیر ترقی کے کئی پرجیکٹوں کی عمل آوری میں سرعت دکھائی اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ پارٹی عوامی بہبود اور ضلع اننت ناگ کی ہمہ گیر ترقی کے لئے کتنی سنجیدہ ہے۔ انہوںنے کہا کہ نیشنل کانفرنس دور میں ضلع اننت ناگ ہمیشہ سے نظر انداز ہوتا آرہا ہے جبکہ پی ڈی پی نے اپنے مختصر دور میں ہی ضلع میں جدید طرز کے کئی پروجیکٹوں ، نئے شاپنگ کمپلکس، میڈیکل کالج کا قیام ، یونیورسٹی کی قیام ، کئی سڑکوں کی تعمیر عمل میں لاکر ضلع کو ترقی کی نئی جہت پر لانے کی کوشش کی ۔ مفتی سجاد نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ آنے والے انتخابات میں بھرپور حصہ لیکر پارٹی امیدوار مفتی تصدق حسین کو کامیاب بنائیں۔ اس موقعہ پر پارٹی کے سینئر لیڈران ، غلام احمد ٹھاکر زون صدر اننت ناگ، محمد عباس زون صدر ہوم شالی بگ، عمران امین سینئر یوتھ لیڈر بھی موجود تھے