سرینگر//خوراک ، شہری رسدات ، امور صارفین اور قبائیلی امور کے وزیر چودھری ذوالفقار نے کل ہمہامہ اور جواہر نگر سرینگر میں دو سیل مراکز پر پی او ایس مشینوں کا آغاز کیا۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ ہر ایک شعبے میں شفافیت موجودہ حکومت کا خاصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستحق لوگوں کے لئے سبسڈی پر کروڑروں روپے صرف کرتی ہے اور پی او ایس مشینیں لگانا اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔تفصیلات دیتے ہوئے وزیرنے کہا کہ حکومت خوراک اور امور صارفین محکمہ کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے ای پی ڈی ایس نظام متعارف کر رہی ہے ۔وزیر نے کہا کہ پی او ایس مشینیں آدھار پر مبنی ہوں گی اور ایک بٹن دبانے سے ہی صارفین کو ہر طرح کی جانکاری فراہم ہوگی۔ذوالفقار علی نے کہا کہ ان مشینوں پر ہر ایک لین دین مرکزی حکومت کے تقسیم کاری نظام پورٹل انا وترن کے ساتھ جڑا ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ وادی کے تمام سیل مراکز آئندہ تین مہینوں کے دوران پی او ایس مشینیں نصب کی جائیں گی۔انہوں نے ہمہامہ کے سیل مرکز پر ایک الیکٹرانک ترازو بھی نصب کی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں تمام سیل مراکز پر اسی طرح کے ترازو رکھے جائیں گے تاکہ صارفین کے ساتھ کوئی دھوکہ دہی نہ ہوسکے ۔انہوں نے کہاکہ اس قدم سے راشن کی خرد برد کو روکنے میں کافی حد تک مدد ملے گی۔کمشنر سیکرٹری ایم ڈی خان ، ڈائریکٹر ایف سی ایس اینڈ سی اے نثار احمد وانی کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔