زاہد بشیر
گول// ہمشلہ سے گندی گاگرہ روڈ پر سروے کی تبدیلی کی خبر سننے کے بعد گنڈی گاگرہ کے لوگوں نے زور دار احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ ہمشلہ سے گاگرہ روڈ کو سروے سے باہر تعمیر کیا جارہاہے جس وجہ سے پورے علاقے کو نظر انداز کیا جارہاہے۔ مقامی لوگوں نے کہاکہ ڈی ڈی سی چیئرپرسن شمشادہ شان چند ایک لوگوں کو براہ راست اس روڈ سے فایدہ دینے کی کوشش کررہی ہیں کیونکہ دوروز قبل شمشادہ شان نے یہاں روڈ کی تعمیر کا جائزہ لینے کے دوران یہاں محکمہ کے ملازمین سے کہاکہ اس روڈ کو سروے سے ہٹ کر تعمیر کریں۔مقامی لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کی کوششوں کوکسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیاجائے گا کیونکہ سروے تبدیل کرنے سے پوری بستی نظر انداز ہوتی ہے۔ احتجاج میں شامل نوجوان،بزرگ شامل تھے۔ لوگوں نے کہاکہ یہ علاقہ ہمیشہ سے ہی پسماندہ رہاہے جہاں یہ علاقہ تعلیم کے لحاظ سے کافی پچھڑا ہوا ہے وہیں دیگر بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہے۔ انہوں نے کہاکہ خدا خدا کر کے روڈ کی سروے کی گئی تھی جس میں مقامی ڈی ڈی سی ممبر چوہدری سخی محمد بھی تھے اور لوگوں نے چوہدری سخی محمد پر بھروسہ کیا جہاں سے انہوں نے سروے کرایا لوگوں نے ہاں میں ہاں بھر لی لیکن آج ڈی ڈی سی چیئر پرسن اچانک اس کو تبدیل کرنے کی باتیں کررہی ہیں جو نا قابل قبول ہے ۔مقامی لوگوں نے کہا کہ اگر ایسا ہوا تو ہم عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے پرمجبور ہوں گے اور اس پر مزید احتجاج ہوگا ۔ ہمشلہ سے گاگرہ روڈ کے سروے کی تبدیلی پر جب کشمیر عظمیٰ نے ایم ایل ا ے گول بانہال سجاد شاہین سے بات کی تو انہوں نے کہاکہ روڈ وہیں سے تعمیر ہو گا جہاں سے سروے ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں عوام کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ روڈ سروے کے مطابق ہی تعمیر ہو گا اور عوام کے منشاء کے مطابق ہی روڈ تعمیر ہوگا، عوام کو فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔