سرینگر //ہمدانیہ کالونی سیکٹر 1میں بوسیدہ بجلی کھمبوں اور نیچے لٹکتی ترسیلی لائنوں سے لوگوں کی زندگیاں خطرے سے دوچار ہے۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ علاقہ میں نہ صرف سڑکیں خستہ حال ہیں بلکہ بجلی کا نظام بھی بوسیدہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ کئی مرتبہ اس حوالے سے محکمہ کے اہلکاروں اور افسران کو آگاہ کیا لیکن بجلی کے نظام میں یہاں کوئی بھی سدھار نظر نہیں آرہا ہے ۔مقامی آبادی کاکہنا ہے کہ معمولی لکڑی کے کھمبوں کے ساتھ باندھی گئیں یہ تاریں اکثر معمولی ہوا آنے سے زمین پر گر جاتی ہیں جس سے نہ صرف مقامی لوگوں کو خطرہ بنا رہتا ہے بلکہ بجلی بھی کئی کئی گھنٹوں تک گل رہتی ہے ۔آبادی کاکہنا ہے کہ شہر اور وادی کے دیگر علاقوں میں بجلی کے بوسیدہ نظام کو بدلنے کیلئے سرکاری طور پر بڑے بڑے دعوے کئے جاتے ہیں لیکن عملی طور پر کچھ بھی نہیں ہو رہا ہے ۔انہوں نے محکمہ بجلی کے اعلیٰ عہدیداران سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سیکٹر میں بوسیدہ ہوئے بجلی نظام کو بہتر بنانے کیلئے اقدمات کریں تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔