سرینگر //سڑک سے اٹھنے والے گردوغبار کی وجہ سے ہمدانیہ کالونی بمنہ کے لوگ انتہائی پریشانی میں مبتلا ہیں جبکہ گردوغبار سے کئی طرح کی بیماریاں پھیلنے کا اندیشہ ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ جہاں سڑک انتہائی خستہ حالت میں ہے وہیں گردوغبار اُس قدر ہوتا ہے کہ راہ گیروں کو ناک اور منہ کو ڈھک کر چلنا پڑتاہے جبکہ سڑک کے آس پاس موجود علاقوں میں رہائش پزیر لوگ گھروں سے باہر نکل نہیں پاتے ہیں۔لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک سے اٹھنے والا گردو غبار اُن کے گھروں کے اندر داخل ہو جاتا ہے ۔ایک دکاندار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دکانوں میں رکھا گیا سامان بھی گردوغبار کی وجہ سے تباہ ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سڑک سرکار کی لاپروہی کی وجہ سے کھنڈرات بنی ہے اور رہی سہی کسر بڑی گاڑیاں جن میں ٹرک اور ٹپر شامل ہیں کے چلنے سے پوری ہو گئی ہے ۔وقار احمد نامی ایک نوجوان نے کہا کہ انہوں نے اس حوالے سے کئی مرتبہ انتظامیہ اور لیڈران کو بھی آگاہ کیا لیکن سڑک کی مرمت کے حوالے سے کوئی بھی اقدامات نہیں کئے جاتے ہیں۔وقار کے مطابق سڑک سے اٹھنے والے گردوغبار سے کافی لوگ بیمار ہوگئے ہیں۔ وقار کا کہنا ہے کہ اگر سڑک کو جلد از جلد ٹھیک نہ کیا گیا تو بیماریاں لگنے کا اندیشہ ہے ۔