سمت بھارگو
راجوری //قومی سلامتی کو مزید مستحکم کرنے اور پولیس اہلکاروں کی جنگی مہارت میں اضافہ کرنے کیلئے بھارتی فوج کے گجر ڈویژن نے ہماچل پولیس کے 216 اہلکاروں کے لئے دو ہفتے کا انسداد دہشت گردی کی تربیت پروگرام شروع کیا ہے۔یہ تربیتی پروگرام ’’رائزنگ اسٹار کورپس بیٹل اسکول‘‘ میں منعقد ہو رہا ہے۔ فوج کے مطابق، اس تربیتی پروگرام کا مقصد پولیس اہلکاروں کی انسداد دہشت گردی آپریشنز میں مہارت کو تیز کرنا ہے تاکہ وہ علاقے میں بڑھتے ہوئے سیکورٹی چیلنجز سے موثر طریقے سے نمٹ سکیں۔اس بات کا ذکر ضروری ہے کہ جموں کے کٹھوعہ ضلع میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں اچانک اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے سیکورٹی انتظامات کو مزید مستحکم کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں پنجاب پولیس، جموں و کشمیر پولیس، بھارتی فوج، بی ایس ایف اور انٹیلی جنس ایجنسیز کے درمیان متعدد اجلاس ہو چکے ہیں تاکہ دراندازی کے خطرے سے نمٹا جا سکے۔یہ تربیت پروگرام حال ہی میں شروع ہوا ہے اور اس میں انسداد دہشت گردی کی حکمت عملیوں، جنگی آپریشنز اور لڑائی کی تکنیکوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔پولیس اہلکاروں کو اپنی برداشت اور چابکدستی کو بڑھانے کے لئے سخت جسمانی تربیت بھی دی جائے گی۔مقامی حکام نے کہا کہ یہ اقدام گجر ڈویژن کی قومی سلامتی کو مستحکم کرنے اور فوج اور پولیس فورسز کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا غماز ہے۔اس تربیت کے ذریعے ہماچل پولیس اہلکاروں کو جدید تربیت فراہم کر کے اس علاقے کی مجموعی سیکیورٹی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کی جائے گی۔