عظمیٰ نیوز سروس
شملہ//ہماچل پردیش حکومت نے ریاست کے لوگوں کو بڑی خوش خبری دی ہے۔ حکومت نے 700نئی بسوں کی خریداری کو ہری جھنڈی دے دی ہے۔ دراصل ہفتہ (22فروری)کو شملہ کے ہوٹل ہالی ڈے ہوم میں ہماچل روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ میں نئی بسوں کی خریداری کو ہری جھنڈی مل گئی ہے۔ یہ میٹنگ ہماچل پردیش حکومت میں محکمہ ٹرانسپورٹ کا ذمہ سنبھال رہے نائب وزیر اعلی مکیش اگنی ہوتری کی صدارت میں ہوئی۔ اس کے علاوہ اس میٹنگ میں کئی اور اہم فیصلے بھی لیے گئے ہیں۔بورڈ آف ڈائریکٹرز کی 159ویں میٹنگ میں 700 نئی بسوں کی خرید کو منظوری دی گئی ہے۔ اس سے ریاست میں سرکاری بسوں میں سفر کرنے والے مسافرین کو سہولیات فراہم ہوں گی۔ اس موقع سے نائب وزیر اعلی مکیش اگنی ہوتری نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے 15 سالہ پرانی ڈیزل بسوں کو ہٹا کر نئی بسیں لانے کے لیے کہا گیا ہے۔ اس سمت میں ہماچل روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن تیزی سے کام کر رہا ہے۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ کارپوریشن منافع کے لیے نہیں، بلکہ لوگوں کی خدمت کے لیے کام کرتی ہے۔