عظمیٰ نیوز سروس
شملہ //ہماچل پردیش کے بلاسپور ضلع کے بھلّو علاقے میں پیش آئے المناک بس حادثے نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا ہے۔ پیر کو مسلسل بارش کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ایک مسافر بس پر پہاڑ کا بڑا حصہ گر پڑا، جس سے کم از کم 15 افراد جاں بحق ہو گئے، جن میں ایک ہی خاندان کے چار افراد بھی شامل ہیں۔ حادثے کے وقت بس میں 18 مسافر سوار تھے اور یہ مروتن سے گھْماروِی کی سمت جا رہی تھی۔حادثے کے فوراً بعد پولیس، ضلعی انتظامیہ اور مقامی افراد نے راحت و بچاؤ کا کام شروع کیا۔وزیر اعلیٰ سکھویندر سنگھ سکھو اور نائب وزیراعلیٰ مکیش اگنی ہوتری نے بھی واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے فوری راحت کاری کی ہدایت دی۔ سرکاری بیان کے مطابق وزیراعلیٰ نے تمام افسران کو ریسکیو آپریشن تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے جائے وقوعہ کے اطراف امدادی کیمپ قائم کیے ہیں اور مقامی رضاکار مسلسل بچاؤ کاموں میں حصہ لے رہے ہیں۔ حادثے کی سنگینی دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مالی و انسانی مدد دینے کا اعلان کیا ہے۔