راجوری//ہمالین ڈگری کالج راجوری کی طرف سے ’’ایپلی کیشن آف میتھی میٹکس ‘‘کے موضوع پر ایک پروگرام کا اہتمام کیاگیا جس دوران علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ ریاضی کے صدر پروفیسر اے ایچ صدیقی نے توسیعی خطبہ دیا ۔پروگرام میں بڑی تعداد میں طلباء اور عملہ نے شرکت کی ۔اپنے خطاب میں پروفیسر صدیقی نے کہاکہ ایپلی کیشن آف میتھی میٹکس ایسی چیز ہے جس کا استعمال ہماری روز مرہ زندگی میںہوتاہے ۔انہوں نے کہاکہ آج کی دنیا میں ریاضی کے شعبے نے ایک اہم حیثیت اختیار کرلی ہے ۔انہوںنے اس موقعہ پر طلباء کو ان پیشرفتوں کے بارے میں بھی بتایاجو اس شعبے میں ہوئی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ طلباء اس شعبے کو اپنائیں اور ہائراسکینڈری و کالج سطح پر اسے متبادل مضمون کے طور پر ضرور پڑھیں ۔انہوںنے کہاکہ اس شعبے میں روزگار کے بھی امکانات ہیں ۔ بعد میں طلباء اور پروفیسر صدیقی کے درمیان سوال و جواب کا تبادلہ ہوا۔اس موقعہ پر بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے شعبہ ریاضی کے صدر ظہیر عباس میر اوراسی شعبے کے ہمالین ڈگری کالج راجوری کے سربراہ وسیم علی میر بھی موجو دتھے ۔