عظمیٰ نیوز سروس
جموں//مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے نوجوانوں سے مناسب ہنر حاصل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمالیائی ریاستوں میں اسٹارٹ اپ کی بہت بڑی صلاحیت موجود ہے جس کی تلاش کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ خاص طور پر جموں و کشمیر میں آروما مشن اور پرپل ریوولوشن میں قابل ذکر کامیابی کی کہانیاں ہیں، لیکن بائیو ٹیکنالوجی اور ایگری ٹیک اسٹارٹ اپس میں متوقع رفتار کچھ دوسری ریاستوں میں اسٹارٹ اپ کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ مطابقت نہیں رکھتی ہے۔مرکزی وزیر مملکت سائنس اور ٹیکنالوجی؛ پی ایم اوایف آئی سی سی آئی -ایف ایل ائو کے ذریعے اس کی چیئرپرسن، ورنا آنند اور سینئر وائس چیئرپرسن، روچیکا گپتا کی قیادت میں منعقد ’ادے اسٹارٹ اپ سمٹ‘سے خطاب کر رہے تھے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں خوشبو مشن اور لیوینڈر کی کاشت کی کامیابی کی کہانی دیگر ہمالیائی ریاستوں جیسے ہماچل پردیش، اتراکھنڈ اور شمال مشرق میں ناگالینڈ میں نقل کی جا رہی ہے۔
وزیر موصوف نے نشاندہی کی کہ گزشتہ چند سالوں میں ملک میں ایگری ٹیک اسٹارٹ اپس کی ایک نئی لہر ابھری ہے اور یہ اسٹارٹ اپس سپلائی چین مینجمنٹ، کولنگ اینڈ ریفریجریشن، سیڈ مینجمنٹ اور ڈسٹری بیوشن سے متعلق مسائل کو حل کرنے کے علاوہ مدد کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ 2014 میں ہمارے پاس صرف 55 بائیوٹیک اسٹارٹ اپ تھے، اب ہمارے پاس 6,000 سے زیادہ ہیں۔ آج، 3,000 سے زیادہ اسٹارٹ اپ ایگری ٹیک ہیں اور مشن آروما و پرپل ریوولوشن جیسے شعبوں میں بہت کامیاب ہیں۔ جموں و کشمیر میں تقریباً 4,000 لوگ لیوینڈر کی کاشت سے منسلک ہیں اور لاکھوں روپے کما رہے ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس یوتھ بریگیڈ میں سے 70 فیصد فارغ التحصیل بھی نہیں ہیں، لیکن ان کے ذہن میں اختراعی جھکاؤ ہے اور کم آمدنی والی مکئی کی کاشت سے لیوینڈر کی طرف جانے کیلئے خطرہ مول لینے کی صلاحیت ہے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہاکہ سال 2014 میں صرف 350 اسٹارٹ اپس سے، ہندوستان میں اسٹارٹ اپس نے پچھلے 9 سالوں میں 300 گنا سے زیادہ اضافہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی اسٹارٹ اپ ماحولیاتی نظام دنیا میں نمبر 3 پر کھڑا ہے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے وزیر اعظم مودی کو انٹرپرینیورشپ اور صنعت کی ترقی کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کا سہرا دیا اور ہندوستان کے غیر استعمال شدہ وسائل کو کھولنے کے لیے سرکاری اور نجی شعبوں کے درمیان تعاون پر زور دیا۔