’’ہمارے یہاں آنے سے ہر ٹیم گھبرائے گی | پاکستانی کرکٹر کا اپنے ہی ملک کے خلاف بڑا بیان

 

سپورٹس ڈیسک

اسلام آباد// ایشیا کپ کے مقام کو لے کر جاری تنازع تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ ہندوستان اور پاکستان دونوں ٹیموں کے بورڈ اپنے اپنے موقف پر قائم ہیں۔ اس درمیان پاکستان کے سابق کرکٹر نے کچھ ایسا بیان دیدیا ہے، جس کو سن کر پاکستان کے لوگ بھی بھڑک جائیں گے۔ دراصل ان کا کہنا ہے کہ کوئی بھی ملک پاکستان آنے سے گھبرائے گا۔

 

ایشیا کپ 2023 کی شروعات ستمبر مہینے سے ہوگی، لیکن اس کا انعقاد کہاں کیا جائے گا، یہ ابھی بھی طے نہیں ہے۔ ایک طرف بی سی سی آئی اپنی ٹیم کو پاکستان نہیں جانے دے رہی ہے تو وہیں دوسری جانب پاکستان بھی اپنی ضد پر قائم ہے۔ اس درمیان پاکستان کے سابق گیند باز نے اپنے ہی ملک پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان آنے سے ہر ٹیم گھبرائے گی۔ پاکستان کے سابق گیند باز محمد آصف نے ایک یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سیاسی صورتحال ابھی اچھی نہیں ہے ، کوئی بھی ٹیم پاکستان آنے سے گھبرائے گی۔

 

میرے خیال میں ایشیا کپ نہیں ہوگا، جس طرح کی صورتحال ہے یا پھر مجھے لگتا ہے کہ ایشیا کپ یو اے ای یا سری لنکا میں منتقل ہوجائے گا۔ ہندوستانی ٹیم کو سری لنکا میں ایشیا کپ کھیلنے میں کوئی پریشانی نہیں ہے۔ ہندوستانی بورڈ اس کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ وہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کا پسندیدہ وینیو یو اے ای ہے، لیکن بی سی سی ا?ئی کا کہنا ہے کہ ستمبر کے مہینے میں زیادہ درجہ حرارت ہونے کی وجہ سے کھیلنا مناسب نہیں ہوگا۔ پاکستان نے آج تک صرف ایک مرتبہ ایشیا کپ کی میزبانی کی ہے۔ سال 2008 کے ایشیا کپ کے سبھی میچز پاکستان میں کھیلے گئے تھے۔