یواین آئی
کراکس// وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے کہا ہے کہ کیریبین میں تعینات امریکی افواج کے مقابلے کے لئے ہمارے پاس 5,000 روسی ساخت کے زمین سے فضا میں مار کرنے والے اور قابلِ منتقلی میزائل موجود ہیں۔ اعلیٰ فوجی حکام کی شرکت سے منعقدہ ،ایک ٹیلیویڑن تقریب سے خطاب میں مادورو نے کہا ہے کہ وینزویلا کے پاس، روسی ساختہ اور مختصر فاصلے تک مار کرنے والے، ‘ایگلا۔ایس’ میزائل موجود ہیں۔ یہ میزائل ملک کے فضائی دفاعی نظام کا اہم حصہ ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ “ان میزائلوں کی تعداد کم از کم 5,000 ہے اور امن کو یقینی بنانے اور قومی خودمختاری کے تحفظ کی خاطر اہم فضائی دفاعی مقامات پر متعین کئے گئے ہیں “۔امریکہ ایک طویل عرصے سے بائیں بازو کے رہنما مادورو کی حکومت کی مخالفت کرتا چلا آ رہا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ نے وینزویلا کے ساحل کے قریب ایک چھوٹا بحری بیڑہ متعین کر رکھا ہے جسے واشنگٹن، منشیات کے خلاف، آپریشن کا حصہ قرار دیتا ہے۔وینزویلا سے امریکہ کی طرف منشیات کی اسمگلنگ کے دعوے کے ساتھ امریکی لڑاکا طیاروں نے کئی تیز رفتار کشتیوں کو تباہ کر دیا ہے۔ تاہم کاراکاس ان الزامات کی تردید کرتا ہے۔وینزویلا کے حکام نے امریکی کارروائیوں کو ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا اور واشنگٹن کو ،منشیات مشن کو بہانہ بنا کر ،وینزویلا کے خلاف جارحیت کا قصوروار ٹھہرایا ہے۔مادورو نے کہا ہے کہ یہ ہتھیار ملک کو “کسی بھی سامراجی خطرے” کا جواب دینے کے لیے تیار رکھیں گے۔ وینزویلا کی مسلح افواج “وطن کے چپّے چپّے کا دفاع کرنے کے لیے تیار ہیں”۔