سرینگر//سینئر کانگریس لیڈر سیف الدین سوز نے کہا ہے کہ وہ سینئر حریت لیڈر سید علی شاہ گیلانی کے اس بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں، جس میں انہوں نے کہا کہ امر ناتھ یاترا کو کوئی خطرہ نہیں ہے کیونکہ کشمیر کے لوگ جانتے ہیں کہ یہ یاتری ہمارے مہمان ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سید علی گیلانی نے اس بیان کے ذریعے کشمیر کی تاریخی اور قدیم قابلِ تعظیم روایات کی تشریح کی ہے جس کے مطابق دیگر پاکیزہ صفات کے علاوہ مہمانوں کی قدر کی جاتی ہے اور اُن کو ہر قسم کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ میرے دل میں اس بات کےلئے راحت ہے کہ کشمیر کے لوگ اپنی عظیم روایات کے مطابق اُن اقدار سے وابستہ رہے ہیں جو کسی بھی مہذب تمدن کی شناخت ہوتی ہیں حالانکہ آج کے دنوں میں ہندوستان کی سیول سوسائٹی میں بعض تنگ نظر اور متعصب عناصر کشمیریوں کے خلاف زہر اگلتے رہتے ہیںاور کردار کشی سے باز نہیں رہتے۔ گیلانی نے جائز طور ایسے عناصر کی مذمت کی ہے۔ سیف الدین سوزکہاکہ انہوں نے دو ٹی وی چینلوں کو،جو کشمیر کے خلاف زہر اگلتے رہتے ہیں صاف بتادیاکہ وہ غلط راستے پر ہیں اور کشمیر کے بارے میں نہایت ہی تنگ نظر افراد کو بلاکر اپنی چینل کی زینت بناتے ہیں اور وہ لوگ حسب دستور زہر اگلتے رہتے ہیں ۔ اسلئے مجھ جیسے لوگوں کو ان چینلوں کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں رکھنا چاہئے۔ نیز اُ ن کو یہ بھی بتا دیا کہ وہ کشمیر کے بارے میں غلط نظریات پھیلاکر ہند یونین کو کوئی مدد بہم نہیں پہنچاتے بلکہ اپنی زہر ا فشانی سے وہ ہند یونین کےلئے مشکلات پیدا کرتے ہیں!“