’ہمارے لیے ہر ایک دن 5اگست‘ موجودہ غیر یقینی فضا ماضی کی بندوقوں سے کہیں زیادہ:محبوبہ مفتی

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے کہاکہ غیر یقینی کی موجودہ فضا ماضی کی بندوقوں کے ہنگاموں سے کہیں زیادہ ہے۔ جنوبی کشمیر میں کئی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ نے کہا کہ 2019 میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد سے جموں و کشمیر کے لوگوں میں گھٹن اور بڑے پیمانے پر خوف پھیل گیا ہے، جو موجودہ خاموشی کو قبرستان سے تشبیہ دیتے ہیں۔ مسلط کردہ خاموشی کے باوجود، پی ڈی پی صدر نے اپنی غیرمتزلزل انحراف کا اعلان کیا اور ان نتائج کو اجاگر کرتے ہوئے کہا’’جموں و کشمیر میں دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد جب ہر ایک شخص کو خاموش کر دیا گیا تھا، میں نے جیل سے باہر آتے ہی سامنے سچ بولنے کو ترجیح دی، اگرچہ میرے خاندان کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑا، لیکن میری بوڑھی ماں، میرے بھائی کو نشانہ بنایا گیا۔ لیکن میں نے اپنی آواز اور اپنا موقف نہیں چھوڑا۔‘ خاموشی کے نتائج کے خلاف تنبیہ کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے جبر سے نمٹنے کے لیے ووٹ کی اہمیت پر زور دیا۔انہوںنے کہاکہ اگر ہم آج خاموش رہے تو ہماری آنے والی نسلوں کے لیے کچھ نہیں بچے گا۔انہوں نے کہا کہ بندوق یا پتھر نہیں ووٹ دینا رائج ظلم کا جواب ہے۔انہوں نے کہا کہ بندوقوں اور پتھروں نے صرف ہمارے قبرستان بھرے، ہمارے بچوں کو یتیم کیا اور ہماری عورتوں کو بیوہ کیا۔ انہوں نے کہا’’میں اس بات کا اعادہ کرنا چاہتی ہوں کہ ہم ان بے پناہ قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے لیکن ساتھ ہی ہمیں یہ سمجھنا ہو گا کہ ووٹ اور آواز ہمارے حقوق کے لیے اور اس غنڈہ گردی کے خلاف لڑنے کے لیے ہمارا ہتھیار ہے‘‘۔نوجوانوں میں منشیات کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے ایسے مادوں کی ابتداء پر غور کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ5 اگست 2019 کو تنہائی میں نہیں دیکھا جانا چاہیے، ہمارے لیے ہر ایک دن 5 اگست ہے،ہر روز نئے شاہی فرمان جاری ہو رہے ہیں اور وہ ہمارے وسائل، ہماری ملازمتوں، ہمارے جنگلات، ہماری پن بجلی اور ہمارے لیتھیم کے ذخائر پر نظریں مرکوز ہیں۔