عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//فوج نے پونچھ کے ہل ڈھوک، ستھر بن میں خواتین کی بااختیاری پر ایک بصیرت افروز لیکچر کا انعقاد کیا۔ اس تقریب کا مقصد دیہی جموں و کشمیر میں خواتین کو خود مختار بنانے اور انہیں سرکاری فلاحی اسکیموں سے آگاہ کرنا تھا۔لیکچر میں اس بات پر زور دیا گیا کہ خواتین کو بااختیار بنانا ایک بہتر اور روشن مستقبل کی تعمیر کے لئے ناگزیر ہے۔ جب خواتین ترقی کرتی ہیں، تو پورا معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے، جو خوشحالی اور استحکام کا سبب بنتا ہے۔اس سیشن میں حکومت کی مختلف فلاحی اسکیموں پر روشنی ڈالی گئی، جن میں نیشنل ایجوکیشن پالیسی، مہیلا سماکھیا، نیشنل کمیشن فار ویمن، بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ، سرو شکشا ابھیان، گرلز ایلیمنٹری ایجوکیشن پروگرام، اور سویم سدھا ویمن ایمپاورمنٹ پروگرام شامل ہیں۔اس کے علاوہ، خواتین کو ہندوستانی مسلح افواج اور سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز (CAPF) میں شمولیت کے مختلف مواقع سے آگاہ کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔ اس پروگرام میں شریک لڑکیوں نے ہندوستانی فوج کی اس کاوش کو سراہا اور اعتراف کیا کہ اس علم سے ان کے طرز زندگی میں بہتری آئے گی اور انہیں خود مختاری حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔لیکچر کے علاوہ، مقامی برادری کی صحت کے حوالے سے سہولیات فراہم کرنے کے لئے ایک مختصر طبی کیمپ کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں معمولی بیماریوں کا فوری علاج فراہم کیا گیا۔ اس کیمپ نے مقامی لوگوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ خطے میں عوامی بہبود کے لئے ہندوستانی فوج کی مسلسل حمایت کو بھی اجاگر کیا۔