سرینگر// پی ڈی پی کے ضلع صدر سرینگر اور ممبر قانون ساز کونسل محمد خورشید عالم نے کہا کہ پی ڈی پی امن ، مفاہمت اور مذاکرات پر یقین رکھتی ہے ۔پارلیمانی انتخابی مہم کے سلسلے میں حلقہ انتخاب خانیار میں پی ڈی پی کی ایک انتخابی میٹنگ میںخطاب کرتے ہوئے محمد خورشید عالم نے لوگوںپر زور دیا کہ وہ پی ڈی پی کے سیاسی ، اقتصادی اور امن ایجنڈے کا حصہ بن کر اسے پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے اپنا بھر پور تعاون دیں ۔ انہوں نے یہ بات زور دیتے ہوئے کہی کہ سیاسی عمل میں لوگوں کی شراکتداری کلیدی اہمیت کی حامل ہے اور اس عمل سے جمہوریت اور زیادہ متحرک ، موثر اور پائیدار بنتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ نہ صرف جمہوری عمل کا حصہ بنیں بلکہ حکومت اور عوامی نمائندوں کو موثر طریقے سے کام کرنے پر مجبور کریں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مخلوط حکومت نے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے بہترین مواقعے پیدا کئے اور یہ کہ انہیں کانگریس نیشنل کانفرنس مخلوط حکومت کے دوران گمراہی کے نتیجے میں سخت سزا بھگتنی پڑی ۔ محمد خورشید عالم نے کہا کہ کانگریس اور نیشنل کانفرنس نے کبھی بھی جموںوکشمیر کے عوام کی بھلائی کیلئے کچھ اچھا نہیں کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں پارٹیوں کی لیڈر شپ کو یہ احساس ہوچکا ہے کہ وہ تن تنہا پی ڈی پی کے سامنے کھڑے نہیں ہوسکتے اس لئے ہل اور ہاتھ میں اتحاد ہوا ۔ خورشید عالم نے کہا کہ دونوں پارٹیاں اس وقت اپنے بقاء کی جنگ لڑ رہی ہیں اور سیاسی ڈرامہ رچا کر لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوششیں کر رہی ہیں ۔