محمد تسکین
بانہال // جمعہ کی صبح بانہال اور رام بن کے علاقوں میں ہلکی ہلکی ہوئیں تاہم بعد میں دھوپ اور آبروآلود موسم کا سلسلہ شام تک جاری رہا۔ اس دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ پر مسافر اور مال گاڑیوں کو یکطرفہ ٹریفک میں چلانے کا سلسلہ جاری ہے اور جمعہ کے روز مسافر گاڑیوں کو جموں سے وادی کشمیر کی طرف آنے کی اجازت تھی جبکہ مال بردار ٹرکوں قاضی گنڈ سے جموں کی طرف بڑھنے کی اجازت تھی اور ٹریفک کی روانی کا یہ سلسلہ شام تک جاری تھا۔ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تھرڑ ادھم پورکے مقام پر شاہراہ مکمل طور پر بحال نہیں ہوئی ہے اور وہاں یکطرفہ ٹریفک کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حرکت سست رفتار ہے جبکہ ناہموار سڑک ، مال بردار گاڑیوں کے بیچ سڑک میں خراب ہونے اور خانہ بدوش کنبوں کی نقل و حرکت سے شاہراہ پر معمول کا ٹریفک مزید مشکلات کا شکار ہو رہا ہے اور کئی مقامات پر سڑک کی خرابی سے ٹریفک کی سست رفتار کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کی صبح رام بن بانہال سیکٹر میں ہلکی بارشوں کے بیچ مسافر گاڑیوں کو جموں سے سرینگر کی طرف یکطرفہ ٹریفک میں چلنے کی اجازت تھی جبکہ مال بردار ٹرکوں کو وادی کشمیر سے جموں کی طرف جانے کی اجازت تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران وادی کشمیر سے جموں کی طرف کسی بھی قسم کے مسافر ٹریفک کو شاہراہ پر چلنے کی اجازت نہیں تھی اور جموں سے وادی کشمیر کا سفر کرنے والی مسافر بردار گاڑیوں کو صبح 7 بجے سے 10 بجے تک نگروٹہ پار کرنا لازمی قرار دیا گیا تھا۔ انہوں نے گاڑی والوں اور مسافروں سے اپیل کی کہ وہ ہفتے کے روز شاہراہ کا سفر کرنے سے پہلے شاہراہ کی صورتحال کے بارے میں جانکاری حاصل کریں تاکہ راستے میں انہیں کسی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز کیلئے محکمہ موسمیات نے بارشوں کی پیشگوئی کر رکھی ہے اور مسافروں کو اپنا سفر شروع کرنے سے پہلے شاہراہ کے حوالے سے ٹریفک پولیس کی جانب سے روزانہ جاری کی جانے والی ایڈوائزری کے مطابق ہی سفر کرنا چاہئے۔