کپوارہ//شمالی کشمیر کے سرحدی ضلع کپوارہ کے ہلمت پورہ علاقہ میں ایک خونریز جھڑپ کے دوران 4جنگجو جاں بحق ہوئے،بتایا جاتا ہے کہ گولیوں کے تبادلے میں چند فورسز اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ منگل کی دو پہر فوج کی41راشٹریہ رائفلز ،160ٹی اے اور سپیشل آ پریشن گروپ (ایس او جی ) کپوارہ نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر کپوارہ قصبہ سے4کلو میٹر دور ہلمت پورہ کے فتح خان چک کے جنگلی علاقہ کا محاصرہ کیا ۔فوج کو اطلاع ملی تھی کہ اس علاقہ میں 4سے5جنگجو چھپے بیٹھے ہیں ۔پولیس کا کہنا ہے کہ جونہی فوج نے جنگجوئو ں کی تلاش شروع کی تو وہاں پر چھپے بیٹھے جنگجوئوں نے فوج پر فائر نگ کی جس کے جواب میں فوج نے بھی فوری طور کارروائی شروع کی ۔ طرفین کے درمیان زور دار فائرنگ کے نتیجے میں علاقہ کے لوگ خوف زدہ ہوئے ۔فوج نے علاقے کے تمام راستے سیل کردیئے اور جنگجوئوں کے ممکنہ فرار کے راستے بند کردیئے۔جھڑپ کے بعد فوج کی بھاری جمعیت کو روانہ کیا گیا اور ایک وسیع علاقہ کو گھیرے میں لیا گیا۔ گولیو ں کا تبادلہ کافی دیر تک جاری رہا۔جھڑپ کے دوران 4جنگجو جا ں بحق ہوئے جبکہ فوج کے کئی اہلکار زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔پویس نے 3جنگجوئوں کے جا ں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے ۔آخری اطلاعات ملنے تک جھڑپ جاری تھی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج نے ہلمت پورہ اور اس کے مضافاتی علاقوں میں ناکہ لگائے ہیں ۔ یہ کپوارہ ضلع میں امسال فوج اور جنگجوئو ں کے درمیان سب سے بڑی جھڑپ بتائی جاتی ہے ۔ابھی تک جنگجوئوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔