کپوارہ//شمالی کشمیر کے سرحدی ضلع کپوارہ کے ہلمت پورہ علاقہ میں دو رو ز سے جاری طویل اورخون ریز جھڑپ میں 5جنگجو، پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ کے 2اہلکاراور3فوجی اہلکار مارے گئے۔ اس دوران ایک فوجی اہلکار لاپتہ ہوگیا ہے۔ فوجی نے اپنی کارروائی کو وسعت دیکر باتر گام تک بڑھا دیا اور وہا ں گھر گھر تلاشی کارروائی شروع کردی گئی ۔کپوارہ قصبہ سے چند کلو میٹر دور ہلمت پورہ کے فتح خان چک جنگلی علاقہ میں منگل کی دوپہر اس وقت خون ریز جھڑپ شروع ہوئی جبکہ فوج کی 41 راشٹریہ رائفلز ،160ٹی اے اور سپیشل آ پریشن گروپ (ایس او جی ) کپوارہ نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر وہا ں چھپے جنگجوئو ں کی تلاش شروع کی ۔پولیس کا کہنا ہے کہ جو نہی فوج نے وہا ں چھپے جنگجوئو ں کی تلاش شروع کی تو جنگجوئوں نے فوج پر اندھا دھند فائرنگ کی جبکہ فوج نے فوری طور جوابی کارروائی میں شام دیرتک 4جنگجوئو ں کو جا ں بحق کیا ۔فوج کو اطلاع تھی کہ علاقہ میں جنگجوئو ں کا ایک گروپ چھپا بیٹھا ہے اور منگل کو رات دیر گئے تاریکی کی وجہ سے اپنی کارروائی معطل کی ۔علاقہ میں خون ریز جھڑپ کے بعد فوج کی مزید کمک روانہ کی گئی اور جنگجوئو ں کے فرار ہونے کے تمام راستو ں کو سیل کیا ۔پولیس نے بتا یا کہ علاقہ میں رات بھر وقفے وقفے سے گولیو ں کا تبادلہ جاری رہا ۔ بدھ علی الصبح فوج نے جا ں بحق ہوئے جنگجوئو ں کی نعشو ں کو جب پولیس کو سپرد کرنے کی کارروائی شروع کی تو جنگل میں چھپے دیگر جنگجوئو ںنے فوج اور ایس او جی پر دو بارہ اندھا دھند فائر نگ شروع کی جس کے بعد طرفین کے درمیان گولیو ں اور مارٹر شلنگ ہوئی جس کی وجہ سے ہلمت پورہ اور اس کے آ س پاس کے علاقے دہل اٹھے ۔فوج نے بدھ کی صبح کو ہی ہلمت پورہ کے لوگوں کو اپنے گھرو ں سے باہر آنے نہیں دیا کیونکہ علاقہ میں زبردست فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا ۔ دوسرے روز کئی گھنٹو ں کے بعد جب فائر نگ کا سلسلہ رک گیا تو فوج اور ایس او جی نے آگے پیش قدمی کر کے جنگجو ئو ں کو ڈھونڈ نکالنے کے لئے دو بارہ تلاشی کارروائی شروع کی تاہم وہا ں پر گھات لگائے بیٹھے جنگجوئوں نے زبردست فائر نگ کر کے پولیس کے سپیشل آ پریشن گروپ کے2 اور فوج کے ایک اہلکار کو براہ راست گولیو ں کا نشانہ بنایا اور وہ ہلاک ہوگئے جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے ۔ سہ پہر کے بعد مسلسل فائرنگ کے نتیجے میں ایک اور زخمی فوجی اور ایک جنگجوہلاک ہوگئے ۔ اس طرح کل ملا کر دو روز سے جاری جھڑپ میں مرنے والو ں کی تعداد 9تک پہنچ گئی جن میں 3فوجی ،2ایس او جی اہلکار اور 5جنگجو شامل ہیں ۔ہلاک ہونے والے فوجی اہلکارو ں کی شناخت محمد اشرف راتھر 160ٹی اے ،نائک رنجیت سنگھ 160ٹی اے ،حولدار زورآور سنگھ 160ٹریٹوریل آرمی، محمد یوسف چیچی ایس او جی بلیٹ نمبر 602ساکن کاچہا مہ ،دیپک پنڈتا ایس اوجی شامل ہیں جبکہ زخمیو ں میں ایس اوجی کے جاوید احمد بلٹ نمبر 237،ایس آئی ہر ویندر سنگھ بلیٹ نمبر 109271شامل ہیں ۔ذرائع کے مطابق فوج نے جنگجوئو ں کی تلاش کے لئے علاقہ کے ایک وسیع حصہ کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کی ہے جبکہ علاقہ میں فوجی ہیلی کاپٹر بھی گشت کرتے دکھائے گئے ۔فوج نے ہلمت پورہ کے نزدیکی جنگلی علاقوں وئن ،باتر گام اور گلگام میں بھی بھاری جمعیت تعینات کی اور تمام راستو ں پر ناکے لگا دیئے ہیں۔ ادھر باتر گام میں فوج اور ایس او جی نے ایک حصہ کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی کے دوران لوگو ں کے شناختی کارڑ چیک کئے ۔آخری اطلا ع ملنے تک ہلمت پورہ میں جھڑپ جاری تھی ۔ ادھرسید علی گیلانی نے ہلمت پورہ کپوارہ میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوںکو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تحریک مزاحمت شہداء کے گرم گرم خون سے عبارت ہے اور اس کی حفاظت کرنا ہم سب کا فرض ہے۔
مارے گئے فورسز اہلکاروں کو
وزیر اعلیٰ کا خراجِ عقیدت
جموں//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کپوارہ تصادم میں مارے گئے پولیس اور آرمی کے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے مارے گئے جوانوں کے کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور ہلاک شدگان کی آتماؤں کی شانتی کیلئے دعا کی ۔