شاہد ٹاک
سرینگر//شوپیان کے چودھری گنڈ علاقے میں کشمیری پنڈت کی ہلاکت میں ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ حملے میں ایک ملی ٹنٹ ملوث ہے۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس سجیت کمار نے کہا کہ حملے میںملوث ملی ٹینٹوں کی تلاش بڑے پیمانے پر جاری ہے ۔ ادھر ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان کا کہنا ہے کہ ضروری لوازمات کی ادائیگی کے بعد نعش کو آخری رسومات کیلئے جموں بھیج دیا گیا ۔سجیت کمار نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ اس حملے کے پیچھے ایک ملی ٹینٹ کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔کمار نے کہا کہ جیسے ہی چیزیں واضح ہوں گی اس کے مطابق مزید تفصیلات شیئر کی جائیں گی تاہم فی الحال لیڈس پر کام کیا جا رہا ہے۔کمار نے کہا کہ اگر سیکورٹی گارڈز اور علاقے کے انچارج کے کسی بھی اہلکار کی طرف سے کوئی حفاظتی کوتاہی پائی جاتی ہے، تو یقینی طور پر کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس حملے کی ذمہ داری کشمیر فریڈم فائٹر گروپ نے لی ہے،جو ایک عسکریت پسند تنظیم کا پراکسی نام ہے۔ادھر ڈپٹی کمشنر شوپیاں سچن کمار ویشیا نے کہا کہ حکومت کی طرف سے پنڈت خاندان کو ہر طرح کی مدد فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ مہلوک پنڈت کی لاش کو جموں بھیجا گیا، جہاں آخری رسومات ادا کی جائیں گی اور انتظامیہ نے اس کے لیے تمام انتظامات کئے ۔