سرینگر//نیشنل کانفرنس نے مخلوط حکومت کے 3سالہ دورِ حکومت کو جموں وکشمیر کیلئے تباہی اور بربادی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کو کئی دہائیوں پیچھے دھکیل دیا گیا ۔ پارٹی کے سینئر نائب صدر چودھری محمد رمضان نے سرینگر میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہلاکتوں، ظلم و تشدد، گرفتاریوں، کرفیو، کورپشن، بدعنوانی اور اقرباپروری کو موجودہ حکومت کی 3سالہ حصولیابیاں قرار دیا ۔انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کے دوران ریاست ملک کی ترقی یافتہ ریاستوں کے ساتھ تعمیر و ترقی، سیاحت، کھیل کود اور دیگر شعبوں میں شانہ بہ شانہ چل رہی تھی لیکن جب سے پی ڈی پی اور بھاجپا نے جموں وکشمیر کی بھاگ ڈور سنبھالی تب سے صورتحال اس کے برعکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کی سربراہی والی حکومت نے اپنے غلط فیصلوں اور غیر دانشمندانہ اقدامات سے بے روزگاری کا دائرہ اور زیادہ وسیع کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخلوط حکومت کے غلط فیصلوں سے ایسی فضاء قائم ہوئی ہے کہ آج بھی یہاں غیریقینیت چھائی ہوئی ہے۔