سرینگر// ریاستی میں گورنر راج کا نفاذ عمل میں لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے راشٹریہ جن کرانتی کے ریاستی صدر اور سرینگر پارلیمانی نشست کیلئے امیدوار مرزا سجاد بیگ نے الزام عائد کیا کہ ایک منصوبے کے تحت سرینگر پارلیمانی حلقے میں ووٹنگ کے روز صورتحال کو مخدوش کیا گیا۔سرینگر میں پریس کانفرنس کے دوران مرزا سجاد بیگ نے وزیر اعلیٰ محبوبی مفتی کو اخلاقی طور پر مستعفی ہونے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ گرمائی ایجی ٹیشن کے دوران وزیر اعلیٰ نے5فیصد لوگوں کو ایجی ٹیشن میں شامل ہونے کی بات کہی تھی تاہم93فیصد لوگوں کے بائیکاٹ نے انہیں اصل جواب دیا۔انہوں نے9نومبر کو جمہوری تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے کہا ’’تحریک چل رہی ہے اور چلتی رہے گی‘‘،تاہم حریت لیڈروں کو گھروں میںنظر بندرکھا جا رہا ہے اور وہ اپنی باتوں کو عوام تک نہیں پہنچاپا رہے ہیں۔ مرکزی اور ریاستی سرکار پر الزام عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی پالسیوں سے عام لوگوں کے ساتھ نا انصافی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل سے ہی مسئلہ کشمیر کوحل کیا جاسکتا ہے اور مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے مذاکراتی عمل ضروری ہے۔ سجاد حسین بیگ نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں مرکزی الیکشن کمیشن کا دروازہ بھی کھٹکھٹائیں گے جبکہ اس بات کا بھی مطالبہ کیا کہ ان فورسز اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے جو گذشتہ روز ان ہلاکتوں میں ملوث تھے۔