چاڈورہ// ہفرو چاڈورہ میں رہائش پذیر جموں وکشمیر پولیس کے اہلکار کے گھر میں سنیچر رات دیر گئے نامعلوم بندوق برداروں نے داخل ہو کر ایک رشتہ دار کی ماروتی گاڑی کو اپنے ساتھ لیکر اسے نذر آتش کیا۔ذرایع کے مطابق بندوق بر داروں نے سب انسپکٹر عبدالصمد بٹ کے گھر میں داخل ہوکر وہاں موجود اہل خانہ سے پوچھ تاچھ کے بعد وہاں سے ایک ماروتی گاڑی کو اپنے ساتھ لے گئے جسے دولت پورہ نامی گاوں کے پاس آگ لگا دی۔ذرایع کے بقول مشتبہ جنگجو عبدلصمد کی تلاش میں تھے جو کہ گھر میں موجود نہیں تھا۔ اس حوالے سے ضلع ایک اعلیٰ پولیس آفیسر نے کشمیر اعظمیٰ کو بتایا کہ مشتبہ جنگجو ئوںنے عبدلصمد کے گھر میں داخل ہونے کے بعد وہاں موجود انکے اہل خانہ کو ڈرایا دھمکایا اور بعد میں انکی ایک گاڑی بھی آگ کے شعلوں کے نذر کی۔آفیسر کے بقول مذکورہ پولیس اہلکار بارہمولہ سب جیل میں ملازم ہے ۔ انکا یہ بھی کہنا تھا کہ اس حوالے سے پولیس نے ایف آئی آر زیر نمبر 15/2017زیر دفعات 392, 364, 506, آر پی سی 7/25ایکٹ کے تحت درج کیا ہے اور ملوثینکی تلاش ضلع شروع کر دی گئی ہے۔