سرینگر// سرکردہ مذہبی و سیاسی رہنما شہید ملت میرواعظ مولوی محمد فاروق ، شہید حریت خواجہ عبدالغنی لون، شہدائے حول اور دیگر تمام شہداء کی یاد میں منائی جارہی ہفتہ شہادت کی تقریبات کے سلسلے میںکل چوتھے دن عوامی مجلس عمل کے زیر اہتمام مرکزی جامع مسجد سرینگر کے احاطے میں عطیہ خون اور مفت ادویات کا ایک کیمپ منعقد کیا گیا ،جس میں وادی کے اطراف و اکناف سے آئے ہوئے لوگوں، پردہ نشین خواتین، خاص طور پر نوجوانوں نے بڑی تعداد میں حصہ لیکر اور اپنے خون کا عطیہ پیش کرکے شہید ملت اور تمام شہداء جموںوکشمیر کے تئیں اپنی بھر پور عقیدت کا اظہار کیا۔حریت کانفرنس سے وابستہ اکائیوںبالخصوص عوامی مجلس عمل کے رہنمائوں، کارکنوں کے علاوہ بڑی تعداد میں نوجوانوں نے بھی اپنے قیمتی خون کا عطیہ پیش کیا۔سربراہ تنظیم میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق جنہیں کل ایک بار پھر علی الصبح اپنی رہائشگاہ میرواعظ منزل نگین میں نظر بند کیا گیا،نے عطیہ خون کے کیمپ میں شرکت کی غرض سے آئے ہوئے لوگوں خصوصاً نوجوانوں کی سراہنا کرتے ہوئے ان کے جذبہ انسانیت کو خراج تحسین پیش کیا۔اسی دوران قائم کئے گئے مفت طبی کیمپ میں کشمیر کے سرکردہ ڈاکٹر صاحبان اور طبی عملہ وغیرہ کے علاوہ یونانی معالجین شامل ہیں خاص طور پر الحیاء ہسپتال کی پوری ٹیم بھی موجود تھی۔اس موقعہ پر مختلف امراض کے شکار سینکڑوںحاجتمند مریضوں کا طبی معائنہ کیا گیاجبکہ اس موقعہ پر انتظامیہ کی جانب سے مستحق مریضوں میں مفت ادویات تقسیم کی گئیں۔اس دوران ترجمان نے میڈیکل انسٹی ٹیوٹ صورہ (SKIMS) کے طبی عملے کی ہفتہ شہادت کی تقریبات کے سلسلے میںمفت میڈیکل کیمپ میں ان کی عدم شرکت پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ کیمپ کے بارے میں انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر کو ماضی کی طرح باضابطہ طبی عملہ بھیجنے کی استدعا کی گئی تھی لیکن متذکرہ ادارے کے ڈائریکٹرکی جانب سے طبی کیمپ میں اپنے عملے کو نہ بھیجنا انتہائی افسوسناک ہے جبکہ سرینگر خاص طور پر شہر خاص کے بیشتر مریض ڈاکٹر صاحبان کا شدت سے انتظار کررہے تھے ۔دریں اثناء پروگرام کے مطابق آج یعنی سنیچر کوبعد نماز ظہر عوامی مجلس عمل کے صدر دفتر واقع میرواعظ منزل پر ایک عظیم الشان ورکرس ریلے ہو رہی ہے جس میں پورے جموںوکشمیر سے تنظیم کے ڈیلی گیٹس حضرات شرکت کریں گے۔