سرینگر//کشمیریوں کے ممتاز دینی و سیاسی رہنماشہید ملت میرواعظ کشمیر مولوی محمد فاروق ،21 مئی کے شہدائے حول کے27ویں سال شہادت اور شہید حریت کی 15ویں سال شہادت کی مناسبت سے ہفتہ شہادت کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز عوامی مجلس عمل اورحریت کانفرنس کے صدر دفاتر کے ساتھ ساتھ تمام ضلعی و تحصیل صدر مقامات پرقرآن خوانی کی متبرک اور نورانی مجالس اور ایصال ثواب کی محافل سے کیا گیا۔عوامی مجلس عمل کے مرکزی دفتر تاریخی میرواعظ منزل پر قرآن خوانی کی تقریب میں تنظیمی زعما اور کارکنوں کے علاوہ مقامی ائمہ مساجد ، علمائے کرام اور سرکردہ شہریوں نے شرکت کی اور شہداء کے تئیں ایصال ثواب کیا اور فاتحہ پڑھی۔قرآن خوانی کے فوراً بعد انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کے زیر اہتمام حسن قرأت کی وادی گیر سطح پر ایک محفل زیر صدارت صدر اوقاف میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق صاحب منعقد ہوئی جس میں درجنوں تعلیمی اداروں اور دارالعلوموں کے طلباء نے حصہ لیا۔حسن قرأت کی محفل میں پہلی پوزیشن دارالعلوم نقشبندیہ سرینگر کے قاری ارشاد احمد میر، دوسری پوزیشن دارالعلوم عیش مقام کے قاری مصطفی احمد شاہ اور، تیسری پوزیشن دارالعلوم اسلام آباد کے اعجاز نبی بٹ نے حاصل کی جبکہ چوتھی پوزیشن بالترتیب دارالعلوم بلالیہ کے متعلم قاری علی محمد اور اسلامیہ اورینٹل کالج راجوری کدل کے قاری محمد عمر وانی نے حاصل کی۔ جنہیں صدر محفل میرواعظ کے ہاتھوںنقد انعامات اور ٹرافی سے سرفراز کیا گیا۔ جج کے فرائض مرکز المعارف بھٹنڈی جموں کے استاد قاری اقبال احمد، مایہ ناز قاری سلیم احمد اور قاری ریاض الحق قاسمی نے انجام دیئے جبکہ نظامت کے فرائض مولانا ایم ایس رحمن شمس نے انجام دیئے۔ اس موقعہ پرمرکزی جامع مسجد سرینگر کے خطیب و امام مولانا احمد سعید نقشبندی نے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے شہید ملت ، شہدائے حول، شہید حریت اور جملہ شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی فاتحہ پڑھی۔ حریت کانفرنس کے صدر دفتر کے علاوہ حریت کے کئی ضلع دفاتر پر ہفتہ شہادت کی تقریبات کی مناسبت سے قرآن خوانی اور دعائیہ مجالس کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ سب سے بڑی تقریب حریت کانفرنس کے مرکزی دفتر پر منعقد ہوئی جس میںشہید ملت، شہید حریت، شہدائے حول اور جملہ شہدائے کشمیر کو انکی عظیم شہادت اور تحریک آزادی کے تئیں گرانقدر قربانیوں پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا گیا۔