تھنہ منڈی //تحصیل تھنہ منڈی کے ہسپلوٹ سے دھارجارہی 10کلومیٹر سڑک گزشتہ 6برسوں سے مکمل نہیں کی گئی جس پر مقامی لوگوں نے پاٹی دھار علا قہ میں متعلقہ محکمہ اور ضلع انتظامیہ کیخلاف احتجاج کیا ۔مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اس سڑک کو تعمیر نہ کئے جانے کی وجہ سے ابھی تک مذکورہ علا قہ میں نصف درجن رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پردھان منتری گرامین سڑک یوجنا(PMGSY) کے تحت تعمیر کی جانے والی مذکورہ سڑک کا سنگ بنیاد 2013میں رکھا گیا تھا جس کے بعد مذکورہ سڑک کی تعمیر سست روی کا شکار ہو گئی ۔ذرائع کے مطابق 5کروڈ 34 لاکھ روپے کی لاگت سیتعمیر کی جانے والی سڑک دوسرے مرحلے میں داخل ہوچکی ہے لیکن متعلقہ محکمہ اور ضلع انتظامیہ کی عدم توجہی کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑرہاہے ۔احتجاج کے دوران صدر میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی شکیل احمد میر اور سب ڈویژنل مجسٹریٹ تھنہ منڈی ڈاکٹر تنویر احمد خان نے موقعہ پر جا کر محکمہ مال کو ہدایت جاری کیں کہ وہ اس سڑک کی تعمیر کی وجہ سے لوگوں کے ہوئے نقصان کا تخمینہ لگاکر اپنی رپورٹ تیار کریں تاکہ متاثر ین کو معاوضہ فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔انہوں نے متعلقہ محکمہ کے آفیسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ ہسپلوٹ دھار سڑ ک کی کٹائی کی وجہ سے آنے والی پسیوں کی روک تھام ٹھوس اقدامات اٹھائیں ۔ایس ڈی ایم تھنہ منڈی اور میونسپل کمیٹی کے صدر کی یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا ۔