راجوری //ضلع ہسپتال راجوری میں ذمہ داری سے فرائض انجام نہ دینے والے عملے کے خلاف کارروائی میں تاخیر کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے ممبراسمبلی راجوری و پی ڈی پی ریاستی سیکریٹری چوہدری قمر حسین نے کہاکہ راجوری میں صحت کا نظام خستہ حالی کاشکار ہے اور مستقبل میں کسی بھی طرح کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ممبراسمبلی نے جمعہ کے روز ہسپتال کادورہ کیا اور وہاں کام کاج کاجائزہ لیا ۔اس دوران چیف میڈیکل افسر راجوری ڈاکٹر سریش گپتا اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔بعد میں انہوںنے افسران کے ساتھ ایک میٹنگ کرکے کام کاج کا جائزہ لیا ۔ اس موقعہ پر بولتے ہوئے ممبراسمبلی نے کہاکہ وہ ہسپتال کے موجودہ نظام سے بہت زیادہ مایوس ہیں اور چیزیں قابو سے باہر ہوتی جارہی ہیں ۔ایم ایل اے نے کہاکہ بڈھون کی ایک خاتون عملے کی مبینہ لاپرواہی کی وجہ سے موت کا شکار ہوگئی جبکہ پچھلے ہفتے ہی درہال کی ایک خاتون بھی مبینہ لاپرواہی سے وفات پاگئی ۔انہوںنے کہاکہ وہ ہسپتال میں اس طرح کی صورتحال نہیں بننیں دیںگے جہاںسے روزانہ لاشیں اٹھاناپڑیں ۔انہوںنے میڈیکل سپرینڈنٹ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ وہ یاتو ذمہ داری سے کام کریں یاپھر اپنا بوریا بستر سمیٹ لیں کیونکہ جو افسران لاپرواہی کا مظاہرہ کریںگے ، ان کو راجوری میں تعیناتی کے مزے نہیںلینے دیئے جائیںگے ۔ممبراسمبلی نے سوال کیاکہ ماضی میں بھی یہی لوگ تھے اور یہی ڈاکٹرمریضوں کا علاج کرتے تھے لیکن تب کیوں ایسے حالات نہیں تھے جو آج ہیں ۔انہوںنے لاپرواہی برتنے والے عملے کے خلاف کارروائی کرنے کا انتباہ دیا۔انہوںنے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس معاملے پر وزیر صحت اور وزیر اعلیٰ سے بات کریںگے ۔انہوںنے کہاکہ وہ اس طرح سے لوگوں کو مرتے نہیں دیکھ سکتے ،وزیر صحت کی طرف سے لاپرواہی ملازمین کے خلاف کارروائی میں تاخیر کیاجانا افسوسناک بات ہے ۔