ڈورو//حکومت کی جانب سے سب ڈسڑکٹ اسپتال ڈورو کوماڈرن اسپتال میں ضم کر نے کی کوشش کے خلاف ڈورو شاہ آبادٹریڈ یونین ،ڈورو اوقاف کمیٹی اور دوسری سماجی تنظیموں نے جمعہ یعنی 21جولائی سے قصبہ میں غیر معینہ ہڑتال کی کال دی ہے ۔ڈورو ٹریڈ یونین کے صدر مسعود احمد بودہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ حکمران موجودہ سب ضلع اسپتال کو نئے ماڈرن اسپتال میں ضم کر نے کی کوشش کر رہے ہیں ،جس کی وجہ سے ڈورو بازار میں قائم دکانداروں ،چھاپڑی فروشوں کے کاروبار پر منفی اثر پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ساتھ ہی اسپتال کو دوسری جگہ منتقل کر نے سے ڈورو شاہ آباد کے آس پاس علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو طبی امداد حاصل کر نے میں کافی دشواری کا سامنا کر نا پڑے گا ،کیونکہ نیا اسپتال ڈورو قصبہ سے ایک کلومیٹر دور ہے۔اُنہوں نے کہا کہ سنگ بنیاد ڈالتے وقت اُس وقت کے حکمرانوں نے ہم سے وعدہ کیا تھا کہ ماڈرن اسپتال تعمیر کر نے سے سب ڈسٹرکٹ اسپتال کی ہئیت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا تاہم اب ایک سازش کے تحت اسپتال موجودہ جگہ سے دوسری جگہ منتقل کر نے کی کوشش کی جارہی ہے ،جو شاہ آباد کے عوام کو ناقابل قبول ہے ۔