مومن فہیم احمد عبدالباری
ہم میں سے بیشتر کے لئے ہسپتال میں روزگار سے مراد نرسیں اور ڈاکٹر ہیں جو ہمارا علاج کرتے ہیں اور ہماری مدد کرتے ہیں۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہسپتال میں علاج و معالجہ کے علاوہ بھی بہت سے کرئیر کے مواقع ہیں۔ ہسپتال ایک ایسا ادارہ ہے جو بیماروں کی دیکھ بھال کرتا ہے، بے شمار مسائل سے نمٹتا ہے اور اس طرح کے ادارے کے لیے ایک مضبوط نظم اور تربیت یافتہ انتظامیہ کی ضرورت ہوتی ہے جو پسِ پردہ انتھک محنت کرے ، صحت کی دیکھ بھال کے مراکز(ہیلتھ کئیرسینٹر ) اور اسپتالوں کے بہتر نظم کو یقینی بنائے۔
ہاسپیٹل منیجمنٹ کیا ہے؟
ہسپتال انتظامیہ کو سمجھنا ضروری ہے کیونکہ یہ افراد صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات کی نگرانی کے انچارج ہیں۔ طبی عملے کے علاوہ، کسی بھی ہسپتال میں بہت سے دوسرے شعبے ہوتے ہیں، جیسے فنانس، دیکھ بھال اور انسانی وسائل۔ہسپتال کی انتظامیہ کی ٹیم ایک ساتھ تمام شعبوں کے مسلسل اور موثر کام کاج کو یقینی بناتی ہے۔ یہ صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات کے روزمرہ کے کاموں میں معاونت کرتے ہیں، مریضوں کی دیکھ بھال کے معیار کو بڑھاتے ہیں اور ان مقاصد کو پورا کرنے کے لیے طویل مدتی حکمت عملی تیار کرتے ہیں۔ وہ اس بات کو بھی یقینی بناتے ہیں کہ آنے والے مریضوں کا مناسب ریکارڈ رکھا جائے ان کی مدد و معاونت کی جائے۔ یہ اسپتال کے موثر انتظامی عملے کی ایک ٹیم ہے جو اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ طبی سہولت انتہائی موثر حکمت عملیوں کا استعمال کرتے ہوئے اعلیٰ معیار کی خدمات پیش کرسکے۔ منصوبہ بندی، عملہ کاری ، تعلقات عامہ، انسانی وسائل کا انتظام اور طبی اداروں سے منسلک اکاؤنٹنگ اس شعبے کے مختلف بنیادی فرائض میں شامل ہیں۔
ہسپتال انتظامیہ میں کون کون سے کورسیس کئے جاسکتے ہیں ؟
ہاسپیٹل منیجمنٹ میں بارھویں جماعت کامیاب طلبہ کے لیے بھی کورسیس موجود ہیں جو گریجویشن سطح کے کورسیس ہیں، اس کے علاوہ گریجویٹ امیدواروں کے لیے اس شعبہ میں کئی ایک پوسٹ گریجویشن ڈپلوما کورسیس بھی موجود ہیں۔ ان میں سے چند ایک اہم کورسیس درج ذیل ہیں۔
بیچلر آف ہاسپیٹل ایڈمنسٹریشن(BHA):بارھویں جماعت کامیاب طلبہ 3 سال پر مبنی یہ کورس کرسکتے ہیں۔
ہاسپٹل ایڈمنسٹریشن میں ایڈوانسڈ ڈپلومہ:گریجویشن کامیاب طلبہ 2سالہ پوسٹ گریجویٹ ایڈوانس ڈپلوما کورس کرسکتے ہیں۔
ڈپلوما ان ہاسپیٹل ایڈمنسٹریشن (DHA) :کچھ اداروں میں یہ کورسیس گریجویشن کی بنیاد پر اور کچھ اداروں میں بارھویں کامیاب طلبہ کے لیے بھی یہ کورسیس موجود ہیں۔ لیکن یہ بات دھیان رکھنی ہوگی کہ گریجویشن کے بعد اور بارھویں کے بعد کے کورسیس کے مواد مضمون مختلف ہوسکتے ہیں۔
ہاسپٹل ایڈمنسٹریشن میں سرٹیفکیٹ (CHA) : چھ (06) ماہ پر مبنی ابتدائی کورس جس میں اسپتال انتظامیہ کے بنیادی افعال اور فرائض کی تربیت دی جاتی ہے۔
ایم بی اے ان ہاسپٹل ایڈمنسٹریشن(MBA in Hospital Administration) گریجویشن اور منیجمنٹ گریجویٹ طلبہ جو ایم بے اے کرکے اپنا کرئیر بنانے کے خواہشمند ہوں، ان کے لیے یہ ایک اہم کورس ہوسکتا ہے۔ گریجویشن کے بعد دو سالہ پوسٹ گریجویشن مکمل کرنے پر امیدوار کسی بھی ہیلتھ کئیر ادارے، اسپتال میں ہاسپٹل ایڈمنسٹریٹر یا منیجر کے طور پر ملازمت کرسکتا ہے۔
مذکورہ کورسیس کے علاوہ بھی کئی نجی ہسپتال اپنے طور پر تربیت کےنقطہ نظر سے اپنے ڈیزائن کیے ہوئے کورسیس چلاتے ہیں جنھیں مکمل کرنے کے بعد امیدوار کو ملازمت آسانی سے مل سکتی ہے۔ نجی اداروں یا کالیجیز کے ذریعے چلائے جانے والے یہ کورسیس مہنگے ہوتے ہیں، اس لیے داخلہ سے قبل اداروں کی مکمل معلومات حاصل کرلیں۔ اس کے علاوہ انڈسٹری کی بڑھتی ضرورت کے پیش نظر کئی اداروں نے آن لائن کورسیس کا بھی آغاز کیا ہے جس میں خاص طور پر آفس ریکارڈ کا نظم رکھنا، ہاسپیٹل اکاؤنٹنگ ، لاجسٹکس اور اس طرح کے دیگر کورسیس شامل ہیں۔
روزگار کے مواقع: آپ اس منفرد پیشے کا انتخاب کر کے اپنی شخصیت اور کرئیر کر بہتر بنانے کے موقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔ یہ شعبہ میڈیکل سیکٹر (Medical Sector)کو انتظامی امور (Administration) سے جوڑتا ہے۔ آئیے اس شعبے میں چند اہم روزگار کو دیکھیں۔
۱۔ہسپتال کا منتظم(Hospital Administrator) : ایک ہسپتال کا منتظم، جسے اکثر ہاسپیٹل ایڈمنسٹریٹر کے نام سے جانا جاتا ہے، چھوٹے ہسپتال کے تمام ڈویژنوں یا بڑے ہسپتال کے مخصوص ڈویژن کی نگرانی کا انچارج ہوتا ہے۔ وہ نئے عملے کو سنبھالتا ہے ، تربیتی پروگراموں کی نگرانی کرتا ہے ، ملازمین کی کارکردگی کا جائزہ لیتا ہے۔ ہاسپیٹل ایڈمنسٹریٹر اس بات کو بھی یقینی بناتا ہے کہ وہ جس ادارے کا انچارج ہے وہ جدید ترین طبی ضوابط اور قواعد پر عمل پیرا ہے۔
۲۔ پبلک ہیلتھ پروگرام مینیجر : صحت عامہ کے شعبہ میں کام کرنے والی تحقیقی ایجنسیاں اپنے پروجیکٹ کی کامیابی کی نگرانی کے لیے مینیجرز کا تقرر کرتی ہیں۔ یہ پروگرام ڈائریکٹر پروجیکٹ کے بجٹ کو ترتیب دینے اور اس میں شامل طبی عملے کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے انچارج ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ، وہ تمام متعلقہ لوگوں کے لیے ہر پروجیکٹ کے لیے مخصوص کام کے طریقہ کار اور رہنما اصول بناتے ہیں۔
۳۔ ٹریننگ اور ڈیولپمنٹ مینیجر: ایک ہیلتھ کئیر تنظیم میں تربیتی و ترقیاتی مینیجر کی بنیادی ذمہ داری نئے بھرتی کیے گئے پیشہ ور امیدواروں کی سرپرستی اور کوچنگ (تربیت) ہے۔ یہ مینیجرنئے شامل ہونے والوں کو روزمرہ کی مختلف تنظیمی سرگرمیوں کو انجام دینے کے لیے اہم وسائل اور معلومات فراہم کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ ادارے میں نئے افراد کے فرائض کو طے کرتے ہیں۔
۴۔ سوشل و کمیونٹی سپورٹ مینیجر: سوشل اور کمیونٹی سپورٹ مینیجر کی بنیادی ذمہ داری ہیلتھ کئیر نظام کے بارے میں کمیونٹی کی آگاہی کو بڑھانا ہے۔ وہ اچھی صحت کی اہمیت پر زور دینے کے لیے کئی عوامی پروگرام چلاتے ہیں۔ ان ماہرین کو صحت کی دیکھ بھال کرنے والی تنظیموں کی طرف سے سیشنز کے انعقاد کے لیے بھی طلب کیا جاتا ہے جو معلومات فراہم کرتے ہیں کہ کس طرح مختلف کمیونیٹیز تک رسائی حاصل کی جائے اور انہیں صحت کے ممکنہ مسائل اور خدشات کے بارے میں بتایا جائے۔اس کی عمدہ مثالیں بالخصوص عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ذریعے پولیو کے خاتمے، ایڈس ، کینسر کی واقفیت اور دمہ (ٹی بی) وغیرہ کی بیماریوں سےبچنے اور ان کو مکمل طور پر ختم کرنے کی کوششوں کے لیے کئے جانے والے اقدامات ہیں جو یہ اپنے معاون اداروں کے ساتھ مل کر کرتے ہیں۔ ان پروگرام کے لیے انھیں سوشل (سماجی) اور کمیونٹی منیجر کی بڑی ضرورت پڑتی ہے جنھیں عموماً ہیلتھ کئیر کے شعبے میں کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیمیں (این جی او) مقرر کرتی ہیں۔
5. ہیلتھ انشورنس ماہر :ہیلتھ انشورنس کے ماہر کے طور پر، مریضوں کو ہیلتھ انشورنس پالیسیوں کی وافیت فراہم کرنا، اسپتالوں میں ان اسکیموں کی درست معلومات فراہم کرنا اور انشورنس دعوں کا بھگتان کرنے میں مریضوں اور ان کے اہل خانہ کی مدد کرنا شامل ہے۔ یہ مریضوں کی ادائیگی کے اختیارات کے بارے میں فیصلہ کرنے میں مدد کرتے ہیں اور انہیں یہ بتاتے ہیں کہ انشورنس کے دعوے کیسے جمع کرائے جائیں۔اس شعبے میں ہنر مند افراد کی ضرورت بڑھتی جارہی ہے جو طبی طریقوں اور ٹیکنالوجیکل ترقی کی وجہ سے ہیلتھ کئیر کی سہولتیں فراہم کرنے والے اداورں کے ساتھ بہتر انتظامات کرسکتے ہیں۔
کہاں سے کرسکتے ہیں یہ کورسیس؟ :
ہاسپٹل اور ہیلتھ کئیر شعبہ میں زیادہ تر نجی اداروں کی اجارہ داری ہے۔ یہ ادارے کارپوریٹ کی طرز پر کام کرتے ہیں اور انہی اداروں میں مذکورہ ماہرین کی ضرورت ہوتی ہے۔ ملک کی کئی یونیورسٹیوں میں ہاسپٹل ایڈمنسٹریشن سے متعلق کورسیس جاری ہیں جن کی معیاد کورس کے خد و خال پر مبنی ہے۔ ان کورسیس کی فیس بھی عموماً زیادہ ہوتی ہے اور قابل امیدواروں کے لیے اسکالرشپ کی سہولت بھی ہوتی ہے۔ بھارت کے علاوہ بیرون ملک ، خاص طور پر مغربی ممالک یا دیگر ترقی یافتہ ممالک میں بھی ہیلتھ کئیر کا شعبہ مکمل طور پر یا بیشتر نجی ہاتھوں میں ہے ،اس لیے اس شعبے میں ماہرین کی مانگ اچھی خاصی ہے۔ کسی بھی اچھے ادارے سے ان کورسیس کی تکمیل پر آپ ایک اچھی ملازمت حاصل کرسکتے ہیں ۔ بھارت میں اچاریہ انسٹی ٹیوٹ (بنگلور)،ایمس آریہ بھٹ نالج یونیورسٹی (پٹنہ)، اے ایم سی (بنگلور) ، اے ایم یو (علی گڑھ) ، اچاریہ ناگ ارجن یونیورسٹی (گنٹور)، الاگپہ یونیورسٹی (کرائیکوڈی)، امیٹی یونیورسٹی(گرو گرام) ، انا ملائی یونیورسٹی (مدورائی) ، اپولو انسٹی ٹیوٹ (حیدرآباد)، بٹس پلانی ، ڈی وائے پاٹل (نوی ممبئی) وغیرہ چند اہم ادارے اور یونیورسٹیاں ہیں جہاں سے اس شعبہ کے مختلف کورسیس کئےجاسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ انٹرنیٹ پر آپ مزید کالیجیس اور اداروں کے نام تلاش کرسکتے ہیں۔ ان اداروں کی مکمل معلومات حاصل کیجیے۔ اگر کسی کورس کے لیے اہلیتی امتحان ہو تو اس کی بھرپور تیاری کیجیے۔ ان کورسیس میں اخراجات عموماً زیادہ ہوتے ہیں اس لیے قبل از وقت مالی منصوبہ بندی آپ کے لیے معاون ہوگی۔
(رابطہ۔9970809093)