سرینگر//وزیر مملکت برائے صحت و طبی تعلیم ، سماجی بہبود ، مکانات و شہری ترقی آسیہ نقاش نے کل وادی کشمیرمیں اعلیٰ درجہ کے ہسپتالوں کی کار کردگی کا جائزہ ایک میٹنگ کے دورا ن لیا ۔ پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر پون کوتوال ، پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر ڈاکٹر صائمہ رشید ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر سلیم الرحمان اور ایسو سی اسیٹیڈ ہسپٹلز کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ میٹنگ میں موجود تھے۔دوائیوں کی دستیابی ، ہسپتالوں میں بنیادی سہولیات ، آگ بجھانے کا نظام اور مختلف سکیموں کے تحت رقومات کی دستیابی پر میٹنگ میں بحث ہوا ۔ صحت و صفائی کو یقینی بنانے کے لئے وزیر موصوفہ نے ہسپتالوں کے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ واش رومز کو از سر نو بہتر بنایا جائے اور انہیں لگاتار صاف رکھنے کے انتظامات کئے جانے چاہئیں۔ایمرجنسی کیئر یونٹوں میں صحت و صفائی ، حفاظتی اقدامات ،آئی سی یوز کی اَپ گریڈیشن اور سپر سپیشلٹی ہسپتال شیرین باغ جیسے معاملات پر میٹنگ میں غور وخوض ہوا۔آسیہ نقاش نے کہا کہ لوگوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے سلسلے میں ایمرجنسی خدمات ، صحت و صفائی اور حفاظتی نظام اعلیٰ درجے کے طبی اداروں میں قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔