عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//حضرت سید غلام رسول شاہ المعروف ننگا باجی صاحب کے سالانہ پانچ روزہ عرس کی تقریبات ضلع راجوری کے گاؤں بریوی، کالاکوٹ میں اختتام پذیر ہوئیں۔عرس مبارک ہر سال حضرت ننگا باجی صاحب کے پوتے اور جموں و کشمیر کے مشہور و معروف صوفی بزرگ، مرحوم سید مظفر حسین شاہ صاحب کے رہائش گاہ پر منعقد ہوتا ہے، جنہیں ان کے معتقدین بریوی کالاکوٹ کے باجی صاحب کے نام سے جانتے ہیں۔عرس مبارک کے آخری دن قرآن پاک کی تلاوت، نعت خوانی، اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا، جس میں ریاست اور ملک میں امن و امان کے لئے دعا کی گئی۔ ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے حضرت ننگا باجی صاحب کے مزار پر حاضری دی اور ان کی روحانی برکتیں حاصل کیں۔حضرت ننگا باجی صاحب ایک ولی کامل اور روحانی شخصیت تھے جو کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے گاؤں ملنگام سے تعلق رکھتے تھے۔ ان کے مزار کو ہر سال عرس مبارک کے موقع پر پورے ملک سے ہزاروں عقیدت مندوں کی زیارت نصیب ہوتی ہے۔اس سال بھی ہزاروں زائرین نے بریوی دربار کے گدی نشین سید باجی بشارت حسین شاہ صاحب کی رہنمائی میں منعقدہ تقریبات میں شرکت کی۔ زائرین نے ان روحانی محافل میں شرکت کر کے سکون قلب اور دعاؤں کی قبولیت کے لئے دعا کی۔عرس کے دوران زائرین کے لئے مفت لنگر اور کمیونٹی کچن کا اہتمام کیا گیا۔ عقیدت مندوں نے اس انتظام کو خوب سراہا اور عرس کو روحانی اور سماجی ہم آہنگی کی بہترین مثال قرار دیا۔عرس مبارک نے عقیدت مندوں کو روحانی تربیت، محبت اور بھائی چارے کا درس دیا اور یہ سلسلہ آئندہ سال بھی جاری رہے گا۔