نئی دہلی// جموں کشمیر کا چار روزہ دورہ شروع کرنے سے قبل مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ وہ کھلے ذہن کے ساتھ ریاست کا دورہ کررہے ہیں اور ہر اُس شخص سے ملنے کیلئے تیار ہیں جو اُن سے ملاقات کا خواہاں ہوگا۔راجناتھ سنگھ سنیچر کو سرینگر وارد ہورہے ہیںاور یہاں دو روز تک قیام کرنے کے بعد پیر کو جموں روانہ ہونگے۔جمعہ کونئی دلی میں ایک تقریب کے حاشیے پر نامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو کے دوران مرکزی وزیر داخلہ نے کہا’’’’میں کھلے ذہن کے ساتھ جارہا ہوں اور میں ہر اُس شخص سے ملنے کیلئے تیار ہوں جو مجھ سے ملنے آئے گا، ہم تمام مسائل کا حل چاہتے ہیں اورمیںاس بارے میں تمام متعلقین کے ساتھ بات چیت کروں گا‘‘۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ذاتی طور پر تمام لوگوں کے ساتھ تبادلہ خیال کرنا چاہتے ہیں جو ان سے ملنے کی خواہش رکھتے ہونگے۔اس دوران وزیر داخلہ کے دورہ ریاست کی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں جس کے مطابق وہ چار روز تک ریاست میں قیام کریں گے۔ان کے ہمراہ مرکزی داخلہ سیکریٹری راجیو گوبا کے علاوہ وزارت داخلہ کے دیگر سینئر افسران کی ایک ٹیم بھی ہوگی۔راجناتھ سنگھ سنیچر کی صبح سرینگر وارد ہونگے اور یہاں قیام کے دوران وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور گورنر این این ووہرا کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقات کریں گے۔وزیر داخلہ وزیر اعظم کے 80ہزار کروڑ روپے کے اُس اقتصادی پیکیج پر عمل آوری کا بھی جائزہ لیں گے جس کا اعلان نریندر مودی نے سال2015میں ریاست کے دورے کے دوران کیا تھا۔ وزیر داخلہ سرینگر میں قیام کے دوران سیاسی لیڈران، سول سوسائٹی ممبران، تجارتی انجمنوں کے نمائندوں اور کالج طلباء سمیت زندگی کے مختلف طبقہ ہائے فکرسے تعلق رکھنے والے لوگوں کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔ وہ سرینگر کے علاوہ اننت ناگ کا بھی دورہ کریں گے۔ وزیر داخلہ وزیر اعلیٰ اور پولیس، فوج، نیم فوجی دستوں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اعلیٰ حکام کے ساتھ ایک میٹنگ میں ریاست کی مجموعی سیکورٹی صورتحال کی جانکاری حاصل کریں گے۔اس کے علاوہ وہ پولیس، سی آر پی ایف اور بی ایس ایف کے افسران اور اہلکاروں سے بھی ملیں گے۔ پیر کی صبح جموں روانہ ہونے سے قبل راجناتھ سنگھ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ان کا جموں میں زندگی کے مختلف طبقوں سے وابستہ وفود سے ملاقاتوں کا پروگرام ہے جن میں سیاسی پارٹیوں کے علاوہ سول سوسائٹی ممبران، تاجر، مائیگرنٹ پنڈت نمائندے، گوجر اور بکروال بھی شامل ہیں۔جموں میں قیام کے دوران وزیر داخلہ راجوری میں ایک بی ایس ایف کیمپ کا دورہ بھی کریں گے۔