سرینگر //وادی کی معروف ماہر امراض خواتین اور خامنز ٹرسٹ کی چیرپرسن ڈاکٹر طاہرہ خانم بدھ کی شام انتقال کرگئیں ۔وہ 84برس کی تھیں۔ان کے نماز جنازہ میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ مرحومہ کی اجتماعی فاتحہ خوانی سنیچر کو صبح ساڑھے 9بجے مگھر مل باغ میں ہوگی۔وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ڈاکٹر طاہرہ خانم کی وفات پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ صحت شعبے بالخصوص زچہ و بچہ کی طبی نگہداشت میں مرحومہ کی خدمات برسوں یاد رکھی جائیں گی ۔ وزیر اعلیٰ نے سوگوار خاندان کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کیا ۔ ادھرتحریک حریت کے چیرمین سید علی گیلانی کی ہدایت پرراجہ معراج الدین اور محمد اشرف لایا پر مشتمل وفد نے ڈاکٹر طاہرہ خانم (چیرپرسن خامنز ٹرسٹ) کی وفات پر موصوفہ کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر راجہ معراج الدین نے تعزیتی مجلس سے خطاب کیا اور مرحومہ کے حق میں جنت نشینی کی دُعا کی۔