حیدرآباد// صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کویند نے آج صبح حیدرآباد کی حسین ساگر جھیل میں واقع بدھا کے مجسمہ پر گل ہائے عقیدت پیش کئے ۔ وہ ایک سیاحتی کشتی پر سوار ہوکر مجسمہ تک پہونچے جبکہ ان کے ہمراہ گورنر ای ایس ایل نرسمہن اور نائب وزیر اعلیٰ محمود علی بھی موجود تھے ۔اس موقع پر بدھ راہبوں نے مذہبی گیت گائے ۔ اس سے پہلے رام ناتھ کوئند راج بھون کے قریب واقع سرکاری اسکول گئے اور وہاں طلبہ سے ان کی تعلیم کے تعلق سے واقفیت حاصل کی۔انہوں نے یہاں کی سہولتوں پر تعجب کا اظہار کیا اور کہا کہ اس طرح کی سہولتیں ملک بھر میں کوئی بھی سرکاری اسکول میں نہیں ہیں۔انہوں نے اسکول میں واقع لائبریری 'ڈیجیٹل کلاسس 'لفٹ کی سہولت اور دیگر چیزوں کا معائنہ کیا۔ بعدازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدررام ناتھ کوئند نے کہا کہ اس اسکول میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کافی خوش قسمت ہیں جنہیں سرکاری سطح پر اس طرح کی سہولتیں فراہم ہورہی ہیں۔انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ ان سہولتوں سے استفادہ کرتے ہوئے اچھی سے اچھی تعلیم حاصل کریں۔ صدرجمہوریہ نے کہا کہ اسکولی بچوں کو بچپن سے ہی مثبت سوچ رکھنی چاہئے ۔ بچوں میں جب مثبت سوچ ختم ہونی شروع ہوتی ہے تو وہ بکھرجاتے ہیں جس کے نتیجہ میں یہ بچے اپنی منزل تک نہیں پہنچ پاتے ۔انہوں نے کہا کہ اس لئے ہر بچہ کو مثبت سوچ کے ساتھ اپنی زندگی کو آگے بڑھانا چاہئے ۔ منزل کو حاصل کرنے کے لئے کبھی بھی شارٹ کٹ کا طریقہ نہیں اپنانا چاہئے ۔شارٹ کٹ سے نتائج برآمد نہیں ہوتے بلکہ اس سے کافی نقصان ہونے کا بھی اندیشہ ہوتا ہے ۔ بچے اپنی زندگی میں کچھ کردکھانا یا آگے بڑھنا چاہتے ہیں تو انہیں سخت محنت اور جدوجہد کرنے کے سوا متبادل کوئی بھی راستہ نہیں ہے اور یہ بات بچوں کو ذہن نشین کرنی چاہئے ۔انہوں نے اسکولی بچوں کو سابق صدر اے پی جے عبدالکلام کے نقش قدم پر چلنے کا مشورہ دیا۔ اگر اسکولی بچے اعلی تعلیم حاصل کرتے ہوئے اچھے عہدوں تک پہنچتے ہیں تو یہ سماج کے لئے کافی بہتر ثابت ہوگا اس لئے قوم کو کافی فائدہ بھی ہوگا۔انہوں نے بچوں کو قوم کے لئے کچھ کرنے کا جذبہ رکھنے کا مشورہ دیا۔