کابل//افغانستان کے ہرات صوبہ میں افغان فوجیوں کے چیک پوسٹوں پر طالبان کے حملے میں 14 افغان فوجی ہلاک اور 21 فوجیوں کو اغواکرلیا گیا۔ الجزیرہ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ہیرات کے صوبائی کونسل کے ممبرا نجیب اللہ محبی نے بتایا ہے کہ یہ واقعہ جمعرات کو دیر رات شنداند ضلع میں پیش آیا۔محبی نے بتایا کہ جمعہ کو علی الصبح کمک پہنچنے سے پہلے چھ گھنٹوں تک مسلسل لڑائی ہوتی رہی۔ کمک پہنچنے سے قبل ہی وہ 21 فوجیوں کو اغوا کرکے لے گئے ۔دریں اثنا وزارت دفاع کے ترجمان غفور احمد جاوید نے بتایا کہ اس لڑائی میں دس افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔تصادم کے واقعات اس وقت زیادہ ہورہے ہیں جب امریکہ طالبان کے ساتھ 17 سالہ جنگ کے خاتمے کی پرامن حل کوششوں میں ہے جبکہ طالبان نے ملک کے زیادہ سے زیادہ حصوں کوکنٹرول کرنے کی کوششوں میں اضافہ کردیاہے ۔یو این آئی