یو این آئی
نئی دہلی// آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت (اے آئی ایم ایم ایم ) رجسٹرڈ کے نائب صدر و نیشنل لیگ کے قومی صدر پروفیسر محمد سلیمان اور مشاورت کے ورکنگ جنرل سیکریٹری سید تحسین احمد نے گزشتہ روز علی گڑھ میں معزز شخصیات سے ملاقات کرکے ملک و ملت کے اہم مسائل کے ساتھ علی گڑھ میں ماب لنچنگ کے معاملے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔معزز شخصیات سے ملاقات میں ملک کے مسلمانوں کو درپیش مسائل کے ساتھ ساتھ خاص طور پر ملک میں ماب لنجنگ کے لا متناہی سلسلہ پر کوئی ٹھوس لائحہ عمل بنانے کیلئے علی گڑھ میں ایک بڑی میٹنگ جلد بلانے پر غور کیا گیا۔پرو فیسر سلیمان نے اپنے رفقاء کے ساتھ مقتول اورنگ زیب کے گھر جاکر ان کے اہل خانہ سے ملاقات کرکے تعزیت کی اور یقین دلایا کہ اس مشکل گھڑی میں اے آئی ایم ایم ایم ،آئی این ایل اور پوری ملت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔موصوف نے فرقہ پرست حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ برداشت کی بھی کوئی حد ہوتی ہے۔