سرینگر// حریت(ع) نے سرینگر کے شہر خاص سمیت سول لائنز کے متعدد علاقوںمیں کرفیو ، قدغنوں اور بندشوں کے نفاذ،اسکول اور کالجز بند کر دینے، لبریشن فرنٹ چیرمین محمد یاسین ملک کی گرفتاری اورمیرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کو گزشتہ رات سے ہی ایک بار پھر اپنی رہائش گاہ میرواعظ منزل نگین میں خانہ نظر بند کرکے موصوف کی جملہ پر امن دینی، سماجی اور سیاسی سرگرمیوں پر قدغن عائد کرنے کیخلاف شدید برہمی اور ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے حکومتی اقدامات کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ حریت نے واضح کیا کہ ان روایتی حربوں سے حکمرانوںکو کچھ بھی حاصل ہونے والانہیں ہے اور نہ ہی ان ہتھکنڈوں سے مزاحمتی قیادت اور حریت پسند عوام کے عزم اور حوصلوں کو شکست دیا جاسکتا ہے۔ حریت نے سرینگر کے مضافاتی علاقہ زکورہ حضرت بل میں ایکShoot out کارروائی کے دوران مغیث احمد میر کو جاں بحق کئے جانے پر غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے موصوف کو زبردست خراج عقیدت ادا کیا اوران کے والدین اور لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت، ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔