یواین آئی
نئی دہلی/ہاکی انڈیا نے جمعرات کو نیدرلینڈز کے ایمسٹیلوین اور بیلجیم کے اینٹورپ میں 7 سے 22 جون تک ہونے والی ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ 25-2024 کے یورپی مرحلے کے لیے 24 رکنی ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم کا اعلان کیا ہے ۔ تجربہ کار ڈریگ فلکر ہرمندرپریت سنگھ ٹیم کے کپتان ہوں گے جبکہ مڈفیلڈر ہاردک سنگھ نائب کپتان مقرر کیے گئے ہیں۔ہندوستان یورپی مرحلے کا آغاز 7 اور 9 جون کو نیدرلینڈز کے خلاف دو میچوں سے کرے گا۔ اس کے بعد 11 اور 12 جون کو ایمسٹیلوین کے ویگنر اسٹیڈیم میں ارجنٹائن کے خلاف دو میچ ہوں گے ۔ پھر 14 اور 15 جون کو آسٹریلیا سے مقابلہ کرنے کے لیے ٹیم اینٹورپ جائے گی، اور 21 اور 22 جون کو میزبان بیلجیم کے خلاف مہم کا اختتام کرے گی۔ٹیم میں گول کیپر کے طور پر کرشن بہادر پاٹھک اور سورج کرکیرا شامل ہیں۔ دفاعی لائن میں سمیت، امت روہیداس، جگراج سنگھ، نیلم سنجیو جیس، کپتان ہرمندرپریت سنگھ، جرمندرپریت سنگھ، سنجے اور یشدیپ سواچ ہوں گے ۔مڈفیلڈ میں راج کمار پال، نیل کانت شرما، نائب کپتان ہاردک سنگھ، نوجوان راجندر سنگھ، منپریت سنگھ، ویویک ساگر پرساد اور شمشیر سنگھ ہوں گے ۔ فاروڈ لائن میں گرجنت سنگھ، ابھیشیک، شیلانند لاکرا، مندیپ سنگھ، للت اپادھیائے ، دلپریت سنگھ اور سکھجیت سنگھ شامل ہیں۔ہیڈ کوچ کریگ فلٹن نے کہا:”ہم نے اس بار ٹیم میں کچھ زیادہ تجربہ شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور میں ٹیم کے انتخاب سے بہت خوش ہوں۔ ٹیم بھرپور مشق کر رہی ہے اور ہم اپنی پوری کوشش کریں گے کہ زیادہ سے زیادہ جیت حاصل کر کے پرو لیگ کا خطاب اپنے نام کریں۔”