بھارت کی ہٹ دھر می قتل عام کی وجہ :گیلانی
۔ 1938 سے پُرفریب نعرے دینے والے بھی برابرذمہ دار
سرینگر// حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے ہاکورہ اننت ناگ کے خونین معرکے میں جاں بحق ہوئے تین عسکریت پسندوں محمد عیسیٰ فاضلی، سید اویس شفیع اور سبزار احمد صوفی کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے جموں کشمیر میں انسانی خون کی ارزانی رُکنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ جموں کشمیر میں جو بھی خون خرابہ ہورہا ہے اس کی تمام تر ذمہ داری بھارت کے حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے جو مسئلہ کشمیر کو اس کے جمہوری اور تاریخی پسِ منظر کی روشنی میں حل کرنے کے بجائے صرف اور صرف اپنی ملٹری طاقت سے حل کرنا چاہتے ہیں۔ بیان کے مطابق گیلانی نے کہا کہ بھارت نے جموں کشمیر کے لوگوں کے حقِ آزادی کو جبری طور پر چھین لیا ہے ، جس کیلئے یہاں کے نوجوان عظیم اور بے مثال قربیان پیش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سرفروش کشمیری قوم کی مظلومیت اور محکومیت ختم کرنے کیلئے اپنی عزیز جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں اور ہم پر ذمہ داری ڈالتے ہیں کہ ان کی قربانیوں کی لاج رکھتے ہوئے حصولِ مقصد تک جدوجہد کو ہر قیمت پر اور ہر صورت میں جاری وساری رکھیں۔ گیلانی نے کہا کہ جموں کشمیر کی غیر یقینی سیاسی صورتحال اور عدمِ استحکام کی وجہ سے قیمتی انسانی زندگیاں بھینٹ چڑھ رہی ہیں اور اس کی تمام تر ذمہ داری بھارتی حکمرانوں پر عائد ہوجاتی ہے، جو کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کا احترام کرنے کے بجائے اپنی ضد اور ہٹ دھرمی پر اڑے ہوئے ہیں ۔حریت رہنما نے کہا کہ جموں کشمیر میں جو بھی قتل عام ہورہا ہے اس کی ذمہ داری ان لوگوں پر برابر عائد ہوتی ہے، جنہوں نے 1938 سے ہی اس قوم کو ہر مرحلے اور ہر موقع پر دھوکہ دے کر مصیبتوں کی تاریک رات کو طویل تر بنادیا ہے۔گیلانی کے مطابق ان لوگوں نے وقت وقت پر پُرفریب نعرے دے کر اس قوم کا استحصال کیا ۔ کبھی رائے شماری، کبھی اٹانومی اور کبھی سیلف رول کے پرفریب نعرے دے کر مسئلہ کشمیر کی اصل ہئیت اور حیثیت کو تبدل کرنے کی کوشش کی اور اب جموں کشمیر کے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ سیاسی مسئلے کو سماجی معاملہ قرار دکر بھارت کے تئیں اپنی وفاداری کا برملا اظہار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں شوپیان ہلاکتوں کے حوالے سے یہاں کی وزیر اعلیٰ کے ایک عدد ٹویٹ کے جواب میں بھارت کی طرف سے انہیں سخت انتباہ دیا گیا کہ جموں کشمیر کے حساس معاملے پر آپ لوگ بات نہیں کرسکتے ہیں کیونکہ اس حوالے سے تمام اختیارات مرکز کے پاس ہیں۔ گیلانی صاحب کی ہدایت پرحکیم عبد الرشید، محمد رفیق اویسی، محمد اشرف لایا، عبدالاحد اور دیگر کارکنان نے صورہ جاکر محمد عیسیٰ فاضلی کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔
حصول مقصد تک عدم استحکام کی فضا برابر قائم رہے گی:حریت (ع)
سرینگر//حریت (ع)نے ہاکورہ میںایک تصادم کے دوران جاں بحق کئے گئے تعلیم یافتہ تین عسکریت پسندوں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے ان کی قربانیوںکو ناقابل فراموش قرار دیا ہے۔حریت کانفرنس نے کہا کہ کشمیری عوام ابھی سانحہ شوپیاں سے ہی غمزدہ ہیں کہ ایسے میں تین اور نوجوانوں کو جاں بحق کیا گیا۔ایک بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے مسئلہ کشمیر اس پورے خطے میں قتل و غارت گری اور انسانی جان و مال کی تباہی اور بربادی کا سبب بنا ہوا ہے اور یہ مسئلہ پورے خطہ میں ایک Flash point بنا ہوا ہے لہٰذا جب تک اس مسئلہ کو اس کے تاریخی پس منظر میں حق خودارادیت کی بنیاد پر اقوام متحدہ کی قراردادوں یا پھر سہ فریقی مذاکرات کے ذریعہ حل نہیں کیا جاتا سیاسی غیر یقینیت اور عدم استحکام کی فضا برابر قائم رہے گی اور اس مسئلہ کے حل میں تاخیری حربے مستقبل میں بھی مزید قتل و غارت گری کا موجب بنتے رہیں گے ۔حریت نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے اپنے جائز اور مبنی برحق جدوجہد کی کامیابی کیلئے جان و مال کی بے مثال قربانیاں پیش کررہے ہیں اور حکومت ہند کی جانب سے ہر طرح کے ظلم و جبر، مار دھاڑ اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سامنا کررہے ہیں ۔چنانچہ اب یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیری عوام کے جذبات اور احساسات کو مد نظر رکھ کر اس دیرینہ تنازعہ کے حل کیلئے اپنی مثبت کوششیں بروئے کار لائیں اور اس پورے خطے کو تشدد اور خونریزی اور جان و مال کے اتلاف سے نجات دلانے کیلئے بھر پور اور ٹھوس اقدامات کریں ۔دریں اثنا حریت وفد نے محمد عیسیٰ فاضلی کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔لبریشن فرنٹ کے زونل آرگنائزر بشیر احمد کشمیری اور ظہور احمد بٹ نے صورہ جاکرعیسیٰ فاضلی کی نمازجنازہ میں شرکت کی ۔اس موقع پر قائدین فرنٹ نے اُن کے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
بھارت کشمیر کو اپنی نو آبادی تصور کرتاہے :یاسین ملک
سرینگر//لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر کو اپنی نو آبادی تصور کرتاہے اور اسی سوچ کی بنیاد پر ہر روز ہمارے نو نہالوں کی کٹی پھٹی لاشیں سونپ کر جموں کشمیر پر اپنے تسلط کو دوام بخشنے کی کاوشوں میں مصروف ہے ۔ انہوں نے کہا ’’ ہر روز ہمارے لخت جگر استعمار اور جبر کا شکار بن رہے ہیں لیکن دنیا کے نام نہاد انصاف پسند اپنے تجارتی مفادات کی رکھوالی کے لئے مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں ‘‘۔یاسین ملک نے جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور اُن کے مقامی حامیوںنے پہلے ہر قسم کی سیاسی مکانیت کو مسدود کرکے ان کونوجوانوں کو پشت بہ دیوار کیا اور اب انہیں تہہ تیغ کرنے کے لئے اپنی لاکھوں فوجیوں اور وردی پوشوں کا استعمال کر رہا ہے۔
قربانیاں ناقابل فراموش :مزاحمتی خیمہ
ہمارے کاندھوں پر ذمہ داریوں کے بوجھ میں اضافہ
سرینگر// فریڈم پارٹی نے ہاکورہ ر اننت ناگ میں معرکہ آرائی کے دوران جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت پیش ہوئے کہا کہ ان نوجوانوں کی لامثال قربانیوں سے ہمارے کاندھوں پر ذمہ داریوں کے بوجھ میں اضافہ ہوا ہے اور آج پوری قوم کو اس بات کا عزم دہرانا چاہئے کہ آزادی کی منزل حاصل ہونے تک جد و جہد کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔بیان کے مطابق خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ بھی یہی ہے کہ ہم مقدس مشن کی آبیاری کی راہ اپنائیں ۔فریڈم پارٹی بیان میں کہا گیا کہ حسیب درابو ہوں یا کوئی اور ہند نواز سیاست کار، ان سب کا مقصد قوم کی تذلیل ہے اور اس کیلئے اُنہیں دلی سے باضابطہ تنخواہیں ملتی ہیں۔مسلم لیگ نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان سرفروشوں نے دنیاوی عیش و عشرت کو پائے حقارت سے ٹھکرا کر جس طرح قوم کی سربلندی کے لئے عظیمت کاراستہ اختیار کیا، وہ باعث فخر ہے اور سنہرے حروف سے لکھنے کے مترادف ہے کیونکہ یہی وہ حقیقی محسن ہیں جو قوم کو صحیح طرزِ حیات سکھانے کے لئے اپنا گرم گرم لہو نچھاور کرتے ہیں اور ہمارے آنے والے کل کی خاطر اپنا آج قربان کرکے اپنے خون کی سیاہی سے آزادی کی تحریر رقم کرکے قوم کو عزت سے جینے کا سلیقہ سکھاتے ہیں ۔ ترجمان کے مطابق لیگ کا ایک وفد محمد حیات بٹ ، اعجاز احمد وانی، اعجاز رسو ل اور شوکت احمد وار پر مشتمل احمد نگر صورہ گیا جہاں انہوں نے نمازہ جنازہ میں شرکت کی ۔ نیشنل فرنٹ نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک مخالف عناصر کی سرگرمیاں اس حد تک بڑھ گئی ہیں کہ آئے روز عسکریت پسندوں کے جاں بحق ہونے کے دل دکھانے والے واقعات پیش آرہے ہیں تاہم پوری قوم کو اس بات کا یقین ہے قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ لبریشن فرنٹ (ح)کے چیئرمین جاوید احمد میر نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کو ان کا حق خود ارادیت دلانے کیلئے یہ نوجوان اپنا گرم گرم لہو پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کا تنازعہ عالمی سطح پر ایک تسلیم شدہ تنازعہ ہے جس کے لئے اس وقت ساری دنیا اس کے پر امن حل کیلئے جڑے ہوئے ہیں مگر اقتدار کے بوکھے اپنی کرسی بچانے کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں ۔تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال صدیقی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ قائدین اور قوم و ملت پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس عظیم سرمایہ کی حفاظت کرے اور اس مشن کی حفاظت کا فریضہ انجام دیں جس سے انہوں نے ایک عنوان عطا کیا ہے ۔ ادھر پارٹی قیادت جس میں شبیر زرگر ،شیخ مصعب اور ریاض احمد شامل تھے ،نے عیسیٰ فاضلی کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ پیپلز لیگ کے محبوس چیئرمین غلام محمد خان سوپوری اور قائمقام چیئرمین سید محمدشفیع نے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔لیگ کے صدر ضلع غلام قادررینہ کی قیادت میں ایک وفد نے سید اویس شفیع کے جنازے میں شرکت کی ۔سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی طرف سے دی جانے والے قربانیاں ضائع نہیں ہونگی ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ تحریک آزادی میں فاضلی خاندان نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔تنظیم کی خواتین ونگ کی سیکریٹری رقیہ اور دوسرے کارکنوں نے جلوس میں شرکت کی۔غازی جاوید،مشتاق احمد،منظور احمدپر مشتمل ایک اور وفد نے صورہ جاکر نماز جنازہ میں شرکت کی جبکہ امتیاز احمد، فاروق احمداور زبیر احمد نے کوکرناگ جاکر اُویس شاہ کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔حریت (جے کے)وفدنے احمد نگر صورہ جاکر نماز جنازہ میں شرکت کی۔اس دوران حریت(جے کے) کے کنوینر اور مسلم کانفرنس کے ایک دھڑے کے چیئر مین شبیر احمد ڈار، محاز آزادی کے ایک دھڑے کے صدر محمد اقبال میر، انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمداحسن اونتو ،ینگ مینز لیگ کے چیئرمین امتیاز احمد ریشی اور تحریک استقامت کے چیئرمین غلام نبی وار نے ہاکورہ اسلام آباد میں فورسز کے ساتھ ایک تصادم میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوںکو خراج عقیدت پیش کیا۔ ڈیمو کریٹک پولیٹکل مومنٹ کے چیئر مین فردوس احمد شاہ اورلبریشن فرنٹ (آر( نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود انھوں نے ریاست کی مزاحمتی تحریک کے لئے اپنی عزیز جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے ایک عظیم مثال قائم کی ۔پیپلز فریڈم لیگ چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے خرا ج عقیدت پیش کرتے ہو ئے کہا ہے کہ دہلی کی حمایت یافتہ سرکار کشمیر میں آزادی کی تحریک کو کچلنے کے لیے آخری حدیں بھی پار کررہی ہیں۔