جموں// وزیر زراعت غلام نبی لون ہانجورہ نے ایک میٹنگ کے دوران محکمہ کی طرف سے شروع کی گئی تمام مرکزی و ریاستی سکیموں کا تفصیلی جائیزہ لیا۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری زرعی پیداوار محمد افضل بٹ، سیکرٹری زرعی پیداوار شوکت احمد بیگ، ناظم زراعت جموں ایچ کے رازدان، ناظم زراعت کشمیر الطاف اعجاز اندرابی، ڈائریکٹر کمانڈ ایریا ڈیولپمنٹ جموں، ڈائریکٹر کمانڈ ایریا ڈیولپمنٹ کشمیر،ایم ڈی ایگرو انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ کارپوریشن اور محکمہ کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔میٹنگ کے دوران وزیر کو پردھان منتری کرشی سینچائی یوجنا، پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا، مُشک بدجی چاول کی حصولیابی، زعفران مشن کے تحت بور ویلز اور کمانڈ ایریا ڈیولپمنٹ کے تحت جاری پروجیکٹوں کے بارے میں جانکاری دی گئی۔میٹنگ کے دوران افسروں نے تمام سکیموں پر جاری کام کی تفصیلات پیش کیں اور موجودہ مالی سال کے پچھلے تین کوارٹروں کے دوران ان سکیموں پر کئے گئے اخراجات کی تفصیلات بھی بیان کیں۔