ریاسی//زراعت کے وزیر غلام نبی لون ہانجورہ نے آج ریاسی ضلع کا دورہ کر کے وہاں زرعی سیکٹر کی سکیموں کی عمل آوری کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے کے ہمراہ ناظم زراعت جموں ایچ کے راجدھان ، ناظم سیریکلچر میر طارق علی ، ناظم سی ے ڈی جتیندر سنگھ کے علاوہ متعلقہ محکموں کے دیگر افسران بھی تھے ۔ غلام نبی لون ہانجورہ نے ریاسی میں موجود بائیل ٹیکسٹنگ لیبارٹری میں اے اے ایس یونٹ کا افتتاح کیا ۔ اس یونٹ کی بدولت جدید طریقے پر مٹی کا تجزیہ کرنے میں مدد ملے گی ۔ ہانجورہ نے گران والا میں بیج تیار کرنے کے فارم اور مشروم کاشتکاری مرکز کا بھی دورہ کیا اور وہاں کسانوں کیلئے دستیاب سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے زراعت اور سیریکلچر شعبے میں ریاسی اور رام بن اضلاع میں عملائی جا رہی سکیموں کا ایک میٹنگ کے دوران جائیزہ لیا ۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ان دو اضلاع میں نیشنل مشن آن ایگریکلچر ایکسٹینشن اینڈ ٹیکنالوجی ، این ایف ایس ایم ، آر کے وی وائی ، این ایم او او پی ، پی کے وی وائی اور پردھان منتری فصل بیمہ یوجنائیں عملائی جا رہی ہیں ۔ وزیر نے افسروں سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان سکیموں کا فائدہ نچلی سطح پر کسانوں تک پہنچے تا کہ وہ سال 2022 تک اپنی آمدن دوگنا کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں کسانوں کیلئے بیداری پروگراموں کا بھی انعقاد کیا جانا چاہئیے ۔