نئی دلی//زراعت کے وزیر غلام نبی لون ہانجورہ نے نئی دلی میں مرکزی وزیر زراعت رادھا موہن سنگھ کے ساتھ ملاقات کی اور ان کے ساتھ ریاست کی طرف سے مرکزی وزارت زراعت کو بھیجے گئے منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا ہے کہ دسو پلوامہ میں قائم سپائس پارک کو رواں مالی سال کے دوران چالو کیا جائے گا اور زعفران کو موسمیات سے جڑی انشورنس سکیموں کے دائرے میں لایا جائے گا جس کے لئے ٹینڈرنگ کا کام عنقریب شروع کیا جائے گا۔ہانجورہ نے قومی زعفران مشن کو مزید پانچ برس کے لئے توسیع دینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ یہاں کی زعفران پیداوار میں اضافہ کیا جاسکے اور ساتھ ہی یہاں کے زعفران اگانے والوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ مل سکے۔میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا ہے کہ کشتواڑ میں ایک زعفران پارک قائم کرنے سے متعلق ڈی پی آر ایک ماہ کے اندر مرکز کو بھیج دیا جائے گاتاکہ کشتواڑ میں بھی زعفران کی پیداوار کو بھی بڑھاوا مل سکے۔اس موقعہ پر مرکزی وزیر نے ہانجور ہ کو یقین دلایا کہ ان کی وزارت ریاست میں زرعی شعبے کو ترقی کی بلندیوں تک لے جانے کے لئے اپنا بھر پور تعاون دے گی۔