سرینگر//شہر خاص کے ہاری پربت حول کے لوگوں نے فورسز پر تلاشی کارروائیوں کے دوران مبینہ طور پر توڑ پھوڑ کاالزام عائد کیا ہے۔ مقامی لوگوں نے ایک مقامی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ اتوار کی دوپہر علاقہ کو محاصرے میں لے لیاگیا اور سرکاری فورسز ان کے گھروں میں داخل ہوئی ۔ لوگوں نے الزام عائد کیا کہ فورسز نے کسی وجہ کے بغیر ان کے گھروں کی توڑ پھوڑ کی۔ دوردرشن کیندر سرینگر میں کام کرنے والی مقامی شہری عارفہ جبین نے کہاکہ پولیس اس کے گھر میں داخل ہوئی اور وہاں اس وقت کوئی مرد نہیں تھا۔ مذکورہ خاتون نے کہاکہ پولیس نے بلا کسی وجہ کے املاک کو نقصان پہنچایا اور خطرناک نتائج بھگتنے کی دھمکی دی۔ انہوںنے کہاکہ فورسز نے الزام عائد کیا کہ وہ جنگجوئوں کو پناہ دیتی ہے حالانکہ علاقہ میں ایسی کوئی بھی اطلاع نہیں ہے۔ ڈی آئی جی سینٹرل کشمیر غلام حسن بٹ نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہاکہ ہراسانی اور دھمکی دینے کا کوئی ایسا واقعہ علاقہ میں پیش نہیں آیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 26جنوری کی تقریب کے پیش نظر فورسز اہلکار معمول کے مطابق اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔